حکومت پنجاب سرزمین اولیاء کی حفاظت‘ بحالی اور ترویج کے سلسلہ میں ترجیحی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، احسان بھٹہ

فنڈز کی دستیابی کو مد نظر رکھتے ہوئے تعمیراتی کاموں میں بلا جواز تاخیر کا سخت نوٹس لیا جائے گا،سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی پنجاب احسان بھٹہ

ہفتہ 21 مئی 2022 21:11

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2022ء) سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی پنجاب احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ سرزمین اولیاء ملتان اپنے شاندار مذہبی‘ ثقافتی اور تاریخی ورثہ کے حوالے سے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی منفرد شناخت اور اہمیت رکھتی ہے اور حکومت پنجاب اس عظیم ورثے کی حفاظت‘ بحالی اور ترویج کے سلسلہ میں ترجیحی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنی تہذیب‘ ثقافت اور تاریخ کی حفاظت کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتی ہیں اور ٹورازم اینڈ آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ بھی حکومتی وڑن کواپناتے ہوئے اس ورثے کی بحالی کیلئے کوشاں ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دورہ ملتان کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ایس ڈی او غلام محمد‘ مینجر ٹی ڈی سی پی شیخ اعجاز اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اپنے دورہ میں سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی نے شیخ علی اکبر شمسی اور ان کی والدہ محترمہ بی بی فاطمہ کے مزارات کی بحالی کے سلسلہ میں ہونیو الے کام کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس کو15 جون تک مکمل کرلیا جائے۔ انہوں نے زیرتعمیر عجائب گھر کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ افسران کوہدایت کی کہ تعمیراتی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے اگلے ماہ کے وسط تک چھت پرلینٹر ڈالنے کا کام مکمل کرلیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ فنڈز کی دستیابی کو مد نظر رکھتے ہوئے تعمیراتی کاموں میں بلا جواز تاخیر کا سخت نوٹس لیا جائے گا۔ا نہو ں نے کہا کہ اس عظیم تاریخی ورثے کی بحالی حکومت کی اہم ترجیح ہے جس پر عملدرآمد کویقینی بناتے ہوئے تعمیراتی کام مقررہ مدت کے اندرہرصورت مکمل کرلیا جائے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں