مریدکے موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ ایک ڈاکو ہلاک ایک گرفتار

منگل 22 مارچ 2022 17:04

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2022ء) مریدکے کی نواحی آبادی کالا خطائی روڈ پر موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں اور پولیس کے درمیان ایک گھنٹہ فائرنگ کا تبادلہ ہو ا جس سے ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ایک گرفتار ،ڈاکووں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جن کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کردیاگیا۔بتایا گیاہے کہ ایس ایچ او تھانہ نارنگ کالا خطائی روڈ پر معمول کی گشت پر تھے کہ دو موٹر سائیکل سواروں کو انہوں نے رکنے کا اشارہ کیا جنہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی اور راہ فرار اختیار کرلی ۔

(جاری ہے)

ڈاکوئوں کی فائرنگ سے پولیس گاڑی کی فرنٹ سکرین ٹوٹ گئی اور گاڑی چھلنی ہوگئی ۔پولیس نے ڈاکووں کا چھ کلو میٹر تک تعاقب کیا اور فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ۔گردن میں گولی لگنے سے ایک ڈاکوشدید زخمی ہوگیا ،دونوں ڈاکو موٹر سائیکل سے گر پڑے جنہیں جدید اسلحہ سمیت پولیس نے پکڑ لیا ۔زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ مبینہ طور پر جاںبحق ہوگیا ۔پولیس کے مطابق دونوں ڈاکوئوں کے نام رانا وسیم اور اکرم ہیں ۔ملزموں سے جو موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے وہ ایک ہفتہ قبل تھانہ بھکھی شیخوپورہ سے چھینی تھی ۔دو نوں ڈاکو چالیس سے زائد تھانوں کے قتل ڈکیتی اغوا کے اشتہاری ملزم ہیں ۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں