مریدکے ، منشیات فروشو ں کی پولیس پارٹی پر فائرنگ ،کانسٹیبل شدید زخمی

ہفتہ 1 فروری 2020 00:02

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جنوری2020ء) نواحی علاقہ ضیاء آباد میں مبینہ منشیات فروشو ںنے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جس ک نتیجے میںایک کانسٹیبل شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور ہلاک ہو گیا۔ اہل علاقہ نے چند روز قبل ڈی ایس پی مریدکے سے منشیات فروشی کے خلاف آپریشن کامطالبہ کیا تھا جس کے جواب میں پولیس نے ریڈ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی۔

ایس پی انوسٹی گیشن میاں محمد اکمل کی سربراہی میں تین تھانوں کی پولیس نے علاقہ میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس حملہ میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد۔ شدید زخمی کانسٹیبل کو میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اہل علاقہ کی شکائت پر ڈی ایس پی سرکل مریدکے چودھری قیصر مشتاق نے ایس ایچ او تھانہ صدر شبیر حسین کو راوی ریان کے علاقہ ضیاء آباد میں مبینہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

پولیس پارٹی نے ریڈ کیا تو مبینہ منشیات فروش مرد فرار ہو گئے جبکہ دو خواتین کو منشیات غائب کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے خواتین کو اپنی گاڑی میں بٹھایا ہی تھا کہ عاصم عرف بلا مہر نامی نوجوان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تھانہ صدر مریدکے میں تعینات آصف نامی کانسٹیبل گردن اور سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔پولیس کی جوابی فائرنگ سے عاصم مہر بھی مارا گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔

زخمی کانسٹیبل کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے پہنچایا گیا جہاں ابتدائی طور پر اسے مردہ خیال کیا گیا تاہم اچانک اس کی سانس بحال ہو گئی جس پر اسے فوری طور پر میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔ پولیس مقابلہ کی اطلاع پر ایس پی انوسٹی گیشن شیخوپورہ میاں محمد اکمل، ڈی ایس پی سرکل مریدکے چودھری قیصر مشتاق، ایس ایچ او تھانہ سٹی فیصل عباس چدھڑ، ایس ایچ او تھانہ صدر شبیر حسین، ایس ایچ او تھانہ فیروزوالہ سمیت تین تھانوں کی پولیس کی بھاری نفری نے مبینہ منشیات فروشوں کے علاقہ کو گھیرے میں لے کر گھر گھر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

پولیس کی آمد سے قبل پورا محلہ گھروں کو تالے لگا کر غائب ہو گیا۔ ملزمان کے گھر کی تلاشی کے دوران پولیس پر فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ پولیس نے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ڈی ایس پی قیصر مشتاق نے پریس کلب کے چیئرمین سید قاسم علی شاہ کو بتایاکہ پولیس ریکارڈ کے مطابق ہلاک ہونے والے مبینہ منشیات فروش عاصم عرف بلا ولد لیاقت ارائیں کے خلاف تھانہ صدر مریدکے اور تھانہ فیروزوالہ میں منشیات فروشی اور لوگوں کو شدید زخمی کرنے سمیت دیگر سنگین نوعیت کے درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔

ایس پی میاں محمد اکمل کے مطابق علاقہ سے منشیات فروشی کے مکمل خاتمہ تک آپریشن کا سلسلہ جار ی رہے گا اور اپنے کانسٹیبل کو موت کے قریب پہنچانے والوں کو نشان عبرت بنا دیا جائے گا۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں