مریدکے ،مبینہ قبضہ گروپ کی12 سے زائد مسلح افراد کا محنت کش بھائیوں پرحملہ

منگل 28 اپریل 2020 22:40

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2020ء) مبینہ قبضہ گروپ کے دو درجن سے زائد مسلح افراد نے حملہ کرکے تین محنت کش بھائیوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے علاقہ میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ ملزمان محنت کش بھائیوںکے قیمتی پلاٹ کی دیواریں مسمار کرکے آہنی گیٹ چوری کرکے فرار ہو گئے۔ پولیس نے با اثر ملزمان کے خلاف کارروائی کے بجائے زیر حراست ملزم کو بھی چھوڑ دیا۔

محنت کش خاندان کا پریس کلب میں احتجاج اور اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ مغرور ایس ایچ او نے مؤقف دینے سے انکار کر دیا۔ حدوکے کے رہائشی محنت کش محمد یعقوب نے اپنے بھائیوں عبد الحمید اور محمد حنیف وغیرہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ انہوںنے کئی سال قبل تھانہ صدر کے علاقہ گھٹہ منڈی کے قریب بھیانوالہ روڈ پر ایک کنال کا پلاٹ خریدا جس کی رجسٹری اور انتقال کے تمام کاغذات ان کے پاس موجود ہیں۔

(جاری ہے)

نواحی علاقہ کا رہائشی محمد انور نامی شخص عرصہ سے انہیں پلاٹ چھوڑ کر بھاگنے کی دھمکیاں دے رہا تھا جس کے بارے میں15 پر پولیس کو اطلاع دی تو دو درجن سے زائد مسلح افراد نے محنت کشوں کے پلاٹ پر دھاوا بول دیا اور اندھا دھند ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے پلاٹ کی دیوار مسمار کرکے آہنی گیٹ چوری کر لیا اور غریبوں پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔

مظلوم خاندان کے مطابق با اثر سیاسی افراد کی پشت پناہی کے باعث مبینہ قبضہ گروپ ان کا پلاٹ ہتھیانا چاہتا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایک ملزم کو حراست میں لے لیا تاہم کچھ دیر بعد ہی اسے رہا کر دیا گیا۔ با اثر ملزمان نے پورا دن گزرنے کے با وجود زخمی محنت کشوں کا ڈاکٹری نتیجہ بھی جاری نہ ہونے دیا ۔ مظلوم بھائیوںنے پریس کلب کے باہر وزیر اعلی پنجاب اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے ان کی داد رسی کا مطالبہ کیا ہے۔ تھانہ صدر کے مغرور ایس ایچ او ملک نوید انجم نے مؤقف جاننے والے صحافیوں سے ملاقات سے انکار کر دیا ہے۔ محمد انور سے مؤقف کے لیے رابطہ کی کوشش کی گئی مگر دیہی علاقہ میں رہائش کے باعث رابطہ نہ ہوسکا۔

مریدکے میں شائع ہونے والی مزید خبریں