محکمہ زراعت آزادکشمیراپنے مختص شدہ بجٹ میں رہتے ہوئے سالانہ اہداف حاصل کر رہا ہے، ترجمان

پیر 6 مارچ 2023 21:26

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2023ء) محکمہ زراعت آزادکشمیر اپنے مختص شدہ بجٹ میں رہتے ہوئے اپنے سالانہ اہداف حاصل کر رہا ہے ۔ ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق محکمہ زراعت ترقیاتی میزانیہ برائے مالی سال 2022-23 ،18 کروڑ روپے ہے جس میں سے 13 کروڑ روپے جاریہ ترقیاتی منصوبہ جات کے لیے مختص ہیں۔محکمہ کی جانب سے ہر سال ترقیاتی منصوبہ جات کے تحت 1لاکھ 40ہزار سےزائد پھلدار پودہ جات نصف قیمت پر زمینداران کو فراہم کئے جاتے ہیں۔

رواں سال میں ترقیاتی منصوبہ کراپ میکسی مائزیشن پروگرام (CMP-II)کے تحت منتخب یونین کونسلز میں 1لاکھ 40ہزار سے زائد پودہ جات نصف قیمت پر زمینداران کو فراہم کئے گئے۔ اس کے علاوہ زمینداران کو موسم رفیع و خریف کے دوران بچ گئی گندم اور کچن گارڈننگ کٹس بھی نصف قیمت پر مہیا کی جاتی رہیں۔

(جاری ہے)

توسیع سرکل کہوڑی کو رواں موسم شجر کاری کے دوران 7212پودہ جات فراہم کئے گئے جو باغات کی صورت میں تنصیب کیے گئے ہیں ۔

یہ پودہ جات فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ (ایف ایس سی اینڈ آر ڈی) حکومت پاکستان سے اور نیشنل ٹی اینڈ ہائی ویلیو کراپس ریسرچ انسٹیٹوٹ (این ٹی ایچ آر آئی)شنکیاری سے حاصل کیے گئے ، یہ پودہ جات تصدیق شدہ اعلیٰ اقسام اور مطلوبہ معیار کے مطابق تھے۔محکمہ کو کسی بھی زمیندارکی جانب سے پودہ جات کے خشک ہونے یا ناقص ہونے کی کوئی بھی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

سیکرٹریٹ زراعت و لائیو سٹاک کی ہدایات کی روشنی میں اس سلسلہ میں محکمانہ سطح پر آزادکشمیر بھر میں تنصیب کیے گئے باغات کی فزیکل ویریفکیشن کےلیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے ۔ترجمان کے مطابق محکمہ زراعت کے خلاف آئے روز اخبارات میں شائع ہونے والی خبریں حقیقت کے برعکس ہیں ۔ محکمہ اس طرح کی بے بنیاد خبروں کی اشاعت کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کے علاوہ ہر جانے کا دعویٰ کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں