ْچیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے کل متاثرین لیسوا کی بحالی کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا

ہفتہ 20 جولائی 2019 13:53

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2019ء) چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر مطہر نیاز رانانے کل اتوار کے روزمتاثرین لیسوا کی بحالی کے لیے لیسوا کے مقام پر اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) ،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ،سیکرٹری مالیات، سیکرٹری برقیات ، سیکرٹری مواصلات ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ،سیکرٹری زکواة ،سیکرٹری اوقاف ،سیکرٹری SDMA،سیکرٹری پی پی ایچ،سیکرٹری صحت عامہ ،سیکرٹری جنگلات ،کمشنر مظفرآبادڈویژن ،ڈپٹی کمشنر ضلع نیلم کے علاوہ دیگر سرکاری آفیسران شرکت کریں گے۔

اجلاس میں غیر سرکاری تنظیموں مسلم ہینڈز ،اسلامک ریلیف ،آئی سی آر سی ،ثمر فائونڈیشن ،کورت میرپورکے علاوہ دیگر NGOsکے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے 14جولائی کی شب وادی نیلم کے گائوں لیسوا میں کلائوڈ برسٹ کے نتیجے میں قیامت خیز تباہی ہوئی تھی جس کے نتیجے میں 19قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے علاوہ 17لوگ شدیدزخمی ہوئے تھے اور 67رہائشی مکانات ، 34دوکانات مکمل تباہ ہو گئی تھیںجبکہ 12مکانات جزوی متاثر ہوئے تھے ۔

اس کے علاوہ 03مساجد 01 پرائیویٹ سکول01بی ایج یو اور 12جندرگھراٹ بھی تباہ ہوئے ہیں۔سانحہ کے فوراً بعد وزیر اعظم جو بیرون ملک دورہ پر ہیں بذریعہ ٹیلی فون فوری امدادی کارروائی کرنے کی ہدایت دی تھی جن کی ہدایت پر حکومت کے تمام متعلقہ اداروں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا ۔ متاثرین کو وافر مقدار میں کھانے پینے کی اشیاء کے علاوہ کمبل ،چٹائیاں اور ضرورت کا دیگر سامان فوری فراہم کیا گیا تاکہ متاثرین کے دکھ درد اور پریشانی میں کمی کی جاسکے ۔

چیف سیکرٹری کے دورہ کے دوران دی جانے والی خصوصی ہدایات کی روشنی میں لیسوا گائوں تک سڑک کی بحالی کر دی گئی ہے۔تباہ شدہ بجلی کا نیٹ ورک 60سے 70فیصدبحال ہو چکا ہے باقی ایک دوروز میں مکمل بحال ہو جائے گا۔اسی طرح پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام تیزی سے کام جاری ہے تمام متعلقہ سرکاری اداروں کے ملازمین مسلسل موقع پر موجود رہ کر بحالی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں ۔سانحہ لیسوا کے متاثرین کی بحالی اور جاری کاموں کاجائزہ لینے کے لیے چیف سیکرٹری نے اتوار کو اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا ہے تاکہ جلد ازجلد مفلوج زندگی کو معمول کے مطابق بحال کیا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں