حکومت عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، راجہ نثاراحمد

حکومت نے بجلی کے صارفین کو سہولیات دینے اور ان کے مسائل فوری حل کرنے کے لئے محکمہ برقیات کی تنظیم نو شروع کر رکھی ہے، وزیر برقیات آزاد کشمیر

منگل 22 اکتوبر 2019 16:57

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) وزیر برقیات آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ نثار احمد نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔ حکومت نے بجلی کے صارفین کو سہولیات دینے اور ان کے مسائل فوری حل کرنے کے لئے محکمہ برقیات کی تنظیم نو شروع کر رکھی ہے منگل کے روز آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں لیڈر آف دی اپوزیشن چوہدری محمد یسیٰن نے اپنے سوال میں محکمہ برقیات کے آپریشن ڈویژن دو کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ز سے کھوئی رٹہ میںمنتقل کرنے اور اس کے نتیجہ میں صارفین کے لئے مشکلات پیداکرنے کے متعلق سوال اٹھایا تھا ۔

وزیر برقیات نے کہا کہ کوٹلی میں کنسٹریکشن اور آپریشن ڈویژنز کو ضم کر دیا گیا ہے جبکہ مختلف جگہوں پر سب ڈویژن قائم کئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے ضلع کوٹلی سب سے بڑا ضلع ہے جس کے پانچ حلقہ جات ہیں اور ایک نیا حلقہ بھی بن رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوٹلی آپریشن IIڈویژن کو تقسیم کیا ہے ۔ آپریشن ڈویژن ون میں چڑھوئی اور ناڑ کے علاقوں کو شامل کیا گیا ہے ۔ سہنسہ کو نیا سب ڈویژن دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکموںکی تنظیم نو کا مقصد حکومتی کارکردگی کو مزید بہتر بناناہے اور صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو جہاں جہاں سہولیات ہوں گی انہیں انہی علاقوں کے سب ڈویژنز سے منسلک کردیا جائے گا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں