محکمہ زراعت کسانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات کرے، سردار جاوید ایوب

آرگینک فامنگ کی طرف توجہ دی جائے ،مگس بانی کے پروگرام ترتیب دیے جائیں ، موسمی سبزیوں ، پھلوں اور فصلوں کی کاشت کے حوالے سے کیلنڈر بنا کر اسے زمینداروں میں تقسیم کیا جائے ،سیکرٹری زراعت آزادکشمیر

جمعہ 24 جون 2022 18:03

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2022ء) آزادکشمیر کے سیکرٹری زراعت ، لائیوسٹاک ، آبپاشی و اسماء سردار جاوید ایوب نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت کسانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات کرے، آرگینک فامنگ کی طرف توجہ دی جائے اور مگس بانی کے پروگرام ترتیب دیئے جائیں ،موسمی سبزیوں ، پھلوں اور فصلوں کی کاشت کے حوالے سے کیلنڈر بنا کر اسے زمینداروں میں تقسیم کیا جائے تاکہ ان کو آگاہی حاصل ہو سکے ۔

مقامی پھلوں اورسبزیوں کے بیج محفوظ بنانے کے لیے سیڈ بینک بنایا جائے ۔ محکمہ کی تمام تر سریز کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جائے ۔ محکمہ کے زیر اہتمام قائم پارکس کی فوری میٹیننس کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کے روز یہاں نظامت اعلیٰ زراعت میں محکمانہ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ناظم اعلیٰ زراعت طارق محمود بانڈے نے سیکرٹری زراعت کو تفصیلی بریفنگ دی ۔

جبکہ بریفنگ میں ناظم اعلیٰ اسماء گلزار حسین ، ناظم آبپاشی بشارت حسین درانی ، ناظم ریسرچ خواجہ مسعود اقبال ، ناظم پارکس الماس عباسی اور دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔ سیکرٹری زراعت نے کہا کہ محکمہ زراعت کے آفیسران کسانوں کو راہنمائی دینے کے لیے کام کریں اور انہیں اپنی زمینوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے کے لیے جدید طریقہ کاشت سے روشناس کروائیں ۔

آزادکشمیر میں زرعی پیداوارکا ایک جامع ڈیٹا مرتب کیا جائے اور تمام شعبوں کے پاس ایک ہی ڈیٹا موجود ہو تاکہ اس کی روشنی میں زرعی پیداوار کا تخمینہ لگا یا جا سکے اور مستقبل کی پلاننگ بھی کی جا سکے ۔ انہوںنے کہا کہ آزادکشمیر میں مگس بانی کا پوٹینشل موجود ہے ۔ اس حوالے سے فارمرز کی ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے ۔ سکولوں کے بچوں کو زرعی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے اقدامات کیے جائیں تاکہ ہماری نئی نسل بھی اس طرف راغب ہو ۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ کی نرسریز کو اپ گریڈ کیا جائے اور وہاں سے ہی پھلدار پودے پیدا کر کے لوگوں کو دئیے جائیں تاکہ پرائیویٹ نرسریز سے پودے لینے کے بجائے محکمہ کی نرسریز سے پودے زمینداروں کو فراہم کیے جا سکیں ۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں