خونی دھاتی ڈور کی وجہ سے قیمتی انسانی جان کے نقصان سے بچاؤ کے لیے ٹریفک پولیس کی آگاہی مہم جاری

جمعرات 18 اپریل 2024 14:48

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے احکامات کے مطابق خونی دھاتی ڈور کی وجہ سے قیمتی انسانی جان کے نقصان سے بچاؤ کے لیے ٹریفک پولیس کی آگاہی مہم جاری ہے،اور ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کی موٹرسائیکلوں پر "سیفٹی وائرز" لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی ٹریفک مظفرگڑھ ظفر حیات نے مظفرگڑھ پریس کلب میں صحافیوں اور عام شہریوں کی موٹر سائیکلوں پر خود "سیفٹی وائرز" لگائیں،اس موقع پر انسپکٹر نسیم عباس اور ٹریفک پولیس اہلکار نجف رسول خان نے صحافیوں اور عام شہریوں کو دھاتی ڈور سے ہونے والے جانی نقصانات اور "سیفٹی وائرز" کی افادیت کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی،اس موقع پر موجود صدر مظفرگڑھ پریس کلب اے بی مجاہد نے بھی ٹریفک پولیس اہلکاروں کی آگاہی مہم کو سراہا،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایس پی ٹریفک ظفر حیات کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران بدقسمتی سے دھاتی ڈور سے کافی زیادہ جانی نقصانات ہوئے اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے احکامات کے مطابق پتنگ بازی اور دھاتی ڈور کے خلاف آپریشن بھی موثر انداز میں جاری ہے،ڈی ایس پی ٹریفک کا کہنا تھا کہ دھاتی ڈور کے خلاف آپریشن کے ساتھ ساتھ شہریوں کو حفاظتی اقدامات بھی اختیار کرنے ہونگے،اسی سلسلے میں شہریوں کو آگاہی فراہم کی جارہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس مظفرگڑھ شہریوں کو آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ "سیفٹی وائرز" بھی تقسیم کررہی ہے،کیونکہ اسی طرح موٹر سائیکلوں پر سیفٹی وائرز کے ذریعے انسانی جان کو پہنچنے والے نقصانات ختم کیے جاسکتے ہیں،اس موقع پر ٹریفک پولیس کانسٹیبلز مداح حسین،محمد ثاقب و دیگر بھی موجود تھے۔

\378

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں