پنجاب اسمبلی کے رولز میں ترامیم کے معاملے پر 12رکنی خصوصی کمیٹی قائم

کمیٹی قومی اسمبلی کے رولز کی طرز پر پنجاب اسمبلی رولز میں ترامیم کیلئے سفارشات تیار کر کے تین ماہ میں اپنی رپورٹ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پیش کرے گی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 1 مئی 2024 15:21

پنجاب اسمبلی کے رولز میں ترامیم کے معاملے پر 12رکنی خصوصی کمیٹی قائم
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم مئی 2024 ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی کے رولز میں ترامیم کے معاملے پر 12رکنی خصوصی کمیٹی قائم کر دی،کمیٹی قومی اسمبلی کے رولز کی طرز پر پنجاب اسمبلی رولز میں ترامیم کے لئے سفارشات تیار کر کے تین ماہ میں اپنی رپورٹ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پیش کرے گی۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کمیٹی کے کنوینئر ہوں گے جبکہ وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان اور اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچرکمیٹی ممبرز ہونگے ان کے علاوہ دیگر اراکین میں سردار محمد علی خان ،سردار اویس دریشک،سمیع اللہ خان،سار ہ احمد ،آمنہ حسن ،جنید افضل ساہی ،رانا آفتاب احمد خان ،عثمان لغاری و دیگر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں گندم پالیسی کے معاملہ پر اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس دوبارہ طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے لئے ریکوزیشن جمع کرائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے ایوان میں گندم کی نئی پالیسی دی نہ یہ کسانوں سے خریداری کررہے ہیں، ایوان میں گندم پالیسی کے نام پر خانہ پری کے لئے وزیر نے محض ایک بیان دیا تھا۔

صوبائی وزیر خوراک کے بیان پر حکومت نے چالاکی سے پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیاتھا۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچرکا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے ابھی تک گندم کے معاملے پر کوئی پالیسی نہیں دی، ہماری فارم 47 کی ٹک ٹاکر وزیراعلیٰ ہیں، انہوں نے صرف ٹک ٹاک پر زور رکھا ہوا ہے۔پی ٹی آئی کے ورکرز اور ممبرز کے علاوہ کسانوں کو بھی پکڑا جارہا ہے، دو دن ہوگئے ہیں پولیس اب کسانوں کے پیچھے ہے، کسانوں کی گندم کھلے آسمان تلے بارشوں میں خراب ہو رہی ہے ۔وزیراعظم نے جھوٹ بولا تھا، شہباز شریف نے کہاتھا 18 لاکھ میٹرک ٹن گندم پاسکو خریدے گی لیکن حکومت نے پاسکو کو پیسے ہی جاری نہیں کئے تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں