وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر کیلئے فیلڈ ہسپتال منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کردیا

فیلڈ ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے علاوہ ٹیسٹ و لیبارٹری کی سہولت اور مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی شامل ہے، پنجاب بھرمیں 32 فیلڈ ہسپتالوں نے کام کا آغاز کردیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 1 مئی 2024 15:32

وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر کیلئے فیلڈ ہسپتال منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کردیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 مئی 2024ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فیلڈ ہسپتال منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کردیا، جس کے تحت پہلے مرحلے میں پنجاب بھرمیں 32 فیلڈ ہسپتالوں نے کام کا آغاز کردیا۔ تفصیلات کے مطابق فیلڈ ہسپتالوں میں یومیہ 5 ہزار سے زائد مریض علاج معالجے کی بہترین سہولیات سے مستفید ہوں گے، فیلڈ ہسپتال کے ذریعے عوام کو مفت ادویات، طبی مشورہ، الٹراساؤنڈ، ایکسرے، زچہ بچہ کے معائنے، ابتدائی طبی امداد، لیبارٹری اور ای سی جی کی سہولت دستیاب ہوگی، فیلڈ ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے علاوہ ٹیسٹ و لیبارٹری کی سہولت اور مریضوں کیلیے مفت ادویات کی فراہمی بھی شامل ہے، بنیادی مراکز صحت کی عدم دستیابی والے علاقوں میں فیلڈ ہسپتال کی ہمہ وقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

فیلڈ ہسپتال منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج میں اللہ پاک کا شکر ادا کرتی ہوں کہ 6 ہفتے کی قلیل مدت میں فیلڈ ہسپتالوں کا نواز شریف اور میں نے جو خواب دیکھا وہ پورا ہوا، یہ ایک ناممکن ٹاسک تھا جس کو 6 ہفتوں میں مکمل کیا گیا ہے، سیکرٹری ہیلتھ علی جان اور صوبائی وزراء نے 24 گھنٹے کام کر کے اس پروجیکٹ کو مکمل کیا، یہ فیلڈ ہسپتال میں وہ تمام سہولیات موجود ہیں جو ایک کلینک میں ہوتی ہیں، آج یہ تمام فیلڈ ہسپتال پورے پنجاب میں پھیل جائیں گے، گاؤں میں پہنچ کر اعلان ہوگا کہ ہسپتال موجود ہے اور گاؤں کے تمام لوگ اس سے علاج کروا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے کنٹینرز جلاؤ گھیراؤ اور بل پھاڑنے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا، اب اس میں فیلڈ ہسپتال بن رہے ہیں، پنجاب میں ہم دو ہفتوں میں ایئر ایمبولینس سروس شروع کر رہے ہیں، ہماری ائیر ایمبولینس سروس بھی غریبوں کیلئے ہے، ادویات کی مفت فراہمی بھی شروع کر دی گئی ہے، نوازشریف نے ہیلتھ کارڈ بنایا اور کامیابی سے چلایا، ہم اب پاکستان کا پہلا اسٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال بھی بنانے جارہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں