سندھ کے 48فیصد بچے غذائی کمی کی وجہ سے غیرصحت مند زندگی گذار رہے ہیں ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد

فیصد بچوں کی غذائی کمی والے ممالک کی فہرست میں پاکستان 3نمبر اور سارک ممالک کی فہرست میں 2نمبر پر ہے، وسیم حامد

منگل 8 جنوری 2019 23:30

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2019ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد وسیم حامد نے کہا ہے کہ صوبے کے 48فیصد بچے غذائی کمی کی وجہ سے غیرصحت مند زندگی گذار رہے ہیں جبکہ 80 فیصد بچوں کی غذائی کمی والے ممالک کی فہرست میں پاکستان 3 نمبر اور سارک ممالک کی فہرست میں 2 نمبر پر ہے۔ ایسی صورتحال پر ضابطے کے لئے سندھ حکومت ملک میں پہلی مرتبہ مختلف محکموں کی شراکت سے شہیدبینظیرآباد سمیت صوبے کے 9 اضلاع میں سندھ صحت مند کے نام سے ایک میگا پروجیکٹ شروع کررہی ہے جس کے تحت آنے والے 4 سالوں میں سندھ کے بچوں کی غذائی کمی والے 48 فیصد شرح کو کم کرکے 30فیصد تک کیا جائے گا اور 2026 تک 15 فیصد کرنے کا حدف مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بات انہوں نے آج اپنے دفتر میں ماں اور بچے کی صحت اور ضلع میں بچوں کی غذائی کمی کو دور کرنے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے اے اے پی نیوٹریشن ڈاکٹر منصور احمد لنڈ نے بتایا کہ حاملہ خواتین غذائی کمی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے کمزور بچے پیدا ہوتے ہیں اس لئے حاملہ خواتین پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ غذائی کمی کی وجہ سے بچوں میں نشونما اور بڑھنے کا عمل متاثر ہوتا ہے اور ان کا قد بھی نہیں بڑہتا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ غذائی کمی کے مسائل غربت والے علاقوں میں جنم لیتے ہیں مگر آج کل غذائی کمی گاں اور شہری علاقوں میں بھی ہوتے ہیں اس لئے ماں اور بچے کی صحت کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھا جائے اور نوجوان لڑکیوں ، ماں اور بچوں کے کھانے پینے سمیت ان کو معیاری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ مستقبل میں غذائی کمی جیسے مسائل پیدا نہ ہوں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ملک میں پہلی مرتبہ سندھ حکومت صوبے میں ایسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے صحت مند سندھ کے نام سے ایک پروجیکٹ شروع کررہی ہے جس میں محکمہ صحت، محکمہ بھبود آباد، لوکل گورنمنٹ، زراعت، تعلیم اور دیگر محکموں کی شراکت سے غذائی کمی پر ضابطہ لانے کے لئے مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ عوام تک رسائی کے لئے غیرسرکاری تنظیموں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر محمد سلیم جتوئی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر محمد یوسف زرداری، انفارمیشن افسر شیرمحمد جمالی، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالستارراٹھور، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیواسٹاک،ڈاکٹر برکت علی لاکھو، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچرمحمد رمضان چنہ ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر پرائمری دین محمد پٹھان، ڈاکٹر معین شیخ، ریاض احمد شر، ڈاکٹر دولت جمالی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں