کرونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے،ڈوژنل کمشنر شہید بے نظیر آباد

ہفتہ 21 مارچ 2020 15:55

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2020ء) ڈویژنل کمشنر شہید بینظیرآباد سید محسن علی شاہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس خطرناک وبا سے عوام کو بچایا جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج کمشنر آفیس کے کمیٹی روم میں ڈویژن میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے کرونا وائرس کے حوالے سے مقرر ڈویژنل کوآرڈینیٹز امتیاز علی راجپر،ڈپٹی کمشنر سانگھڑ مرزا ناصرعلی،ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد ابراراحمد جعفر،ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز کیپٹن (ر)بلال شاہد راؤ،ایڈیشنل کمشنر فیاض حسین راہوجو،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبداستار راٹھور،تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سید محسن علی شاہ نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کے کیس بڑھنے کی وجہ سے ملک بلخصوص صوبہ سندھ میں مزید سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے اس لئے عوام کا تعاون بیحد ضروری ہے کمشنر نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے منتخب نمائندوں،سیاسی سماجی رہنماؤں،تاجر تنظیموں اور مذہبی رہنماؤں کی مدد سے عوام کو حکومت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے جبکہ عوام میں آگاہی بیدار کرنے کے لئے مساجد میں بھی احتیاطی تدابیر کے متعلق اعلانات کرانے کے ساتھ ساتھ بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔

ڈویژنل کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران پر زور دیا کہ وہ کرونا وائرس سے متاثرین کی دیکھ بھال وعلاج معالجے کے لئے ڈاکٹرزوپیرامیڈیکل عملے کو حفاظتی سامان کے ساتھ تیار رکھا جائے کمشنر کی جانب سے لیبر کالونی نوابشاہ میں قائم قرنطینہ سنٹر میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے پیپلز میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گلشن میمن کی قیادت میں نگران ٹیم مقرر کی گئی جس میں تینوں اضلاع کے ڈی ایچ اوز،پی ایم سی کے میڈیسن شعبے کے ڈین ڈاکٹر رفیق میمن اور دیگر ڈاکٹر شامل ہونگے۔

ڈویژنل کمشنر نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیں کہ اپنے اضلاع میں قرنطینہ سنٹر اور آئسو لیشن وارڈز کو فوری فعال بنائیں جبکہ موصول ہونے والے وضروری حفاظتی سامان کی فہرست کمشنر آفیس کو ارسال کی جائے کمشنر نے انہیں یہ بھی ہدایات دیں کہ سندھ حکومت کے محکمہ بلدیات کی جانب سے ہر ایک یونین کاؤنسل کی عوام میں صابن تقسیم کرنے والے کام کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنرز کے ذریعے کی جائے اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے اضلاع میں کرونا وائرس کی روک تھام اور عوام میں آگاہی بیدار کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات کے متعلق تفصیلی آگاہی دی جبکہ تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران نے بھی صحت کی سہولیات اور کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے کئے گئے انتظامات کے متعلق معلومات فراہم کی۔

نواب شاہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں