نواب امان اللہ زرکزئی کے قتل میں نامزد ملزمان کی تاحال عدم گرفتاری قابل مذمت اور صوبائی حکومت کی ناکامی ہے ،میر خورشید جمالدینی

بدھ 21 اگست 2019 17:40

نوشکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2019ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن میر خورشید جمالدینی نے کہاہے کہ نواب امان اللہ زرکزئی کے قتل میں نامزد ملزمان کی تاحال عدم گرفتاری قابل مذمت اور صوبائی حکومت کی ناکامی ہے ،صوبائی حکومت ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے ملزمان کو راہ فرار کا موقع دے چکی ہے جبکہ عوام کے آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے ملزمان کو گرفتار کرنے کی صرف وارننگ دے رہی ہے ،انہوں نے کہاکہ بی این پی کے رہنماء نواب امان اللہ خان زرکزئی کی شہادت دراصل قبائلی دشمنی کی آڑ میں بی این پی کے خلاف غیر اعلانیہ کاروائی تھی،قتل میں ملوث ملزمان بااثر اور قانون سے بالاتر ہیں جنہیں تاحال نہ ریاست اور نہ ہی ریاستی قانون نافذ کرنے والے ادارے گرفتار کرسکے ہیں جبکہ صوبے اور ملک میں قانون کی بالادستی کے دعویداروں کے منہ پر نواب امان اللہ زرکزئی کا قتل طمانچہ ہے،صوبے میں قبائلی دشمنی کی آگ بھڑکانے والے ہرگز ملک و صوبے کے وفادار نہیں ہوسکتے اس سے قبل نواب امان اللہ زرکزئی کے صاحبزادے کا بھی قتل کیا گیا نہ ملزمان گرفتار کئے گئے اور نہ مجرموں کے خلاف کاروائی عمل میں آئی اب ایک مرتبہ پھر زرکزئی خاندان کو جو زخم دئیے گئے ہیں وہ ناقابل فراموش ہے،بلوچستان کے معروضی حالات ہرگز قبائلی کشت و خون کا متحمل نہیں ہوسکتے انہوں نے صوبائی حکومت کے پریس کانفرنس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے بعد پریس کانفرنس کرتی تو سمجھ آتا مگر مجرموں کو گرفتار کرنے کے بجائے مجرموں کو آگاہ کیا گیا کہ وہ فورا فرار ہوجائے ،صوبائی حکومت کی ٹوپی ڈرامے سے بلوچستان کے عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا،انہوں نے کہاکہ بابو نوروز سے لیکر نواب امان اللہ زرکزئی تک قربانی کی جو تاریخ بلوچستان کے لئے رقم کی گئی وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیگی، زرکزئی خاندان کی قربانیاں لازوال و بے مثال ہیں بابو نوروز کے طرح نواب امان اللہ زرکزئی کو بھی دھوکے اور تاریکی میں قتل کرنے والے والوں نے اپنے آباو اجداد کی ہی تاریخ دہرائی ہے،حکومت بااثر مجرموں کو قانون کے گرفت میں لاکر بلوچستان میں انصاف و قانون کا بول بالا کریں۔

متعلقہ عنوان :

نوشکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں