گھریلو جھگڑے پر شوہر نے اپنے بھائی سے مل کر اپنی بیوی کے دونوں کان کاٹ دیئے

ملزمان موقع سے فرار ہوگئے جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، خاتون نے ملزمان پر مکان پر قبضے کی کوشش کا الزام عائد کردیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 12 مئی 2024 21:25

گھریلو جھگڑے پر شوہر نے اپنے بھائی سے مل کر اپنی بیوی کے دونوں کان کاٹ دیئے
پتوکی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی 2024ء ) صوبہ پنجاب کے علاقہ پتوکی میں گھریلو لڑائی جھگڑا پر شوہر نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر اپنی بیوی کے چھری کے وار سے دونوں کان کاٹ دیئے، جس کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تاہم ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، تھانہ سٹی پھولنگر پولیس نے متاثرہ خاتون فرزانہ بی بی کی تحریری درخواست پر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا اور واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ تحصیل پتوکی کے علاقہ گلی چن شاہ والی محلہ رسولپورہ میں پیش آیا جہاں کی رہائشی فرزانہ بی بی نے پھولنگر پولیس کو بتایا کہ میرا شوہر اور میرا دیور منشیات فروش اور نشے کے عادی ہیں، میرے چار بچے ہیں میرا شوہر اور اس کا بھائی حسن دونوں مل کر میرے مکان پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، میں محنت مزدوری کرکے اپنے چار بچوں کی کفالت کر رہی ہوں۔

(جاری ہے)

خاتون کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اپنے بچوں کے ساتھ گھر پر موجود تھی کہ میرے شوہر نے رات کے وقت دروازہ کھٹکھٹایا، میں نے دروازہ نہ کھولا پھر میرے شوہر نے دیوار پھلانگی اور گھر داخل ہوگیا جس کے بعد اس نے گھر کا دروازہ کھول لیا اور میرے دیور کو اندر بلا لیا، ملزمان نے گھر گھستے ہی غلیظ گالیاں دیں اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دیں، شوہر نے بالوں سے پکڑ کر منہ پر طمانچے اور مکوں سے شدید تشدد کیا۔ متاثرہ خاتون نے بتایا کہ دیور نے میرا کان پکڑا اور شوہر نے دونوں کان کاٹ دیئے، میرا شور اور چیخیں سن کر اہل محلہ نے جان بخشی کروائی، اس دوران ملزمان سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے، ملزم نے پہلے بھی مکان نہ دینے پر متعدد بار تشدد کا نشانہ بنایا۔

پتوکی میں شائع ہونے والی مزید خبریں