وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور میں کریم موبائل ایپ پر ریسکیو 1122سروسز فراہم کرنے کا باضابطہ افتتاح کردیا

پہلی بار خیبرپختونخوا حکومت ڈیجیٹل ایپ پر مفت میڈیکل ریسکیو سروسز اور فائربریگیڈ کی خدمات فراہم کر رہی ہے،محمودخان

پیر 21 اکتوبر 2019 23:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں کریم موبائل ایپ پر ریسکیو 1122سروسز فراہم کرنے کا باضابطہ افتتاح کیاہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پہلی بار خیبرپختونخوا حکومت ڈیجیٹل ایپ پر مفت میڈیکل ریسکیو سروسز اور فائربریگیڈ کی خدمات فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا یہ اقدام جدید ٹیکنالوجی کی استعمال کی جانب ایک اور سنگ میل ثابت ہوگا۔

یاد رہے کہ پچھلے ماہ ریسکیو1122خیبرپختونخوا اور نجی ٹیکسی کمپنی کریم کے مابین موبائل ایپ پر ریسکیو سروسز فراہم کرنے کے لئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے تھے، جس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ابتدائی طور پر منصوبے کو پشاور میں لانچ کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ پشاور شہر کے پچاس ہزار سے زائد فعال صارفین نجی کمپنی کی رائیڈر سہولت سے استفادہ کر سکیں گے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122اور کریم کمپنی موبائل ایپ سے آزمائشی طور پر ریسکیو سروس کا پشاور سے باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے ، اب شہری موبائل ایپ کے ذریعے ایمرجنسی حالات میں موبائل کے ایک کلک پر ریسکیو1122سروسز سے بھر پور استفادہ کرسکتے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ موبائل ایپ سے انسانی جانیں بچانے میں بھر پور مدد ملے گی ۔ وزیراعلیٰ کامزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ٹیکنالوجی کو عام کرنے اور اس کے استعمال کو آسان بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور موبائل ایپ کے ذریعے ریسکیوسروسز فراہم کرنے کیلئے اس پائلٹ پراجیکٹ کی پشاور میںکامیابی کے بعد صوبے کے دیگر شہروں تک بھی توسیع دی جائیگی۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت ٹیکنالوجی کو عام کرنے کیلئے اقدامات اُٹھارہی ہے جو ڈیجٹائزیشن کی طرف اہم کامیابی ہے جس سے نہ صرف عام آدمی کی زندگی بہتر ہو گی بلکہ سہولیات کی فراہمی میں بھی معاونت ملے گی ۔تقریب میں وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، سیکرٹری ریلیف عابد مجید، نجی کمپنی کریم کے ہیڈ آف آپریشن کریم عتیق الرحمن و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں