صوابی کے مختلف علاقہ جات کے لئے ادنیٰ معدنیات کی نیلامی مکمل

جمعرات 21 نومبر 2019 21:25

پشاور۔21نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2019ء) محکمہ معدنیات خیبرپختونخوا نے ضلع صوابی کے مختلف علاقہ جات کے لئے ادنیٰ معدنیات کی نیلامی مکمل کرلی۔ ادنیٰ معدنیات کی نیلامی ڈپٹی کمشنر آفس صوابی میں منعقد ہوئی، جس میں محکمہ معدنیات، سی اینڈ ڈبلیو، محکمہ آبپاشی اور پولیس افسران نے شرکت کی۔ نیلامی میں بلاک نمبر ایک پر شوکت علی 27 کروڑ 65 لاکھ کے ساتھ کامیاب بولی دہندہ قرار پائے۔

جبکہ بلاک نمبر دو پر محمد افضل 4 لاکھ 75 ہزار روپے کے ساتھ، اور بلاک نمبر سات اور آٹھ پر صوابی کنسٹرکشن کمپنی 5 لاکھ 95 ہزار روپے کے ساتھ کامیاب بولی دہندگان قرار پائے۔ باقی بلاکس پر نیلامی درخواست دہندگان کی غیر حاضری اور عدالتی احکامات کے باعث ممکن نہ ہوسکی۔

(جاری ہے)

نیلامی میں شفافیت کو ممکن بنانے کے لئے ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی گئی، اور شرکاء کے دستخط بھی لئے گئے۔

صوابی میں ادنیٰ معدنیات کی کامیاب نیلامی پر وزیر معدنیات خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ ضلع میں ادنیٰ معدنیات کی نیلامی سے رواں سال حکومت کو دس کروڑ روپے کی اضافی آمدن ہوگی۔ وزیر معدنیات کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال محکمہ کی مجموعی آمدن میں سو فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اور ابتدائی چار مہینوں میں محکمہ کو ایک ارب چھ کروڑ روپے کی آمدن حاصل ہوئی۔

ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ ٓائندہ سال محکمہ معدنیات کی آمدن کو چار ارب روپے سے بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادنیٰ معدنیات کی نیلامی کے عمل میں مزید شفافیت لانے کے لئے محکمہ ای بڈنگ کا سلسلہ بھی شروع کررہا ہے۔ وزیر معدنیات نے کہا کہ صوبے میں سب سے زیادہ غیر قانونی کان کنی ادنیٰ معدنیات کے شعبے میں ہوتی ہے، تاہم یہ معدنیات ہزاروں ایکٹر زمین پر پائی جاتی ہیں، جس پر ہر جگہ عملہ تعینات کرنا ممکن نہیں، تاہم اس کے باوجود محکمہ نے غیرقانونی کان کنی پر کافی حد تک قابو پالیا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں