محرم الحرام کے پر امن انعقاد اور تمام انتظامات کی بروقت تکمیل کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم خان محسود کی زیر صدارت اہم اجلاس

جمعہ 14 ستمبر 2018 22:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان نعمان افضل آفریدی کی ہدایت پر محرم الحرام کے پر امن انعقاد اور تمام انتظامات کی بروقت تکمیل کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نور عالم خان محسود کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ز کے علاوہ ٹی ایم اوز، محکمہ صحت، واپڈا، پبلک ہیلتھ، پی ٹی سی ایل، سول ڈیفنس، سوئی گیس، ریسکیو 1122، سی اینڈ ڈبلیو اور محکمہ پولیس کے افسران و نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام محکمے محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں بخوبی آگاہ ہیں اور اپنے اپنے حصے کا کام نمٹانے میں مصروف عمل ہیں۔ ٹی ایم اوز ، محکمہ صحت، پی ٹی سی ایل، سوئی گیس اور پبلک ہیلتھ کے افسران نے اجلاس کو بتایا کہ صفائی ستھرائی ، سٹریٹ لائٹس، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، جلوسوں کے راستوں سے رکاوٹیں ہٹانے، ایمبولینسز کے انتظامات جبکہ سول ڈیفنس و ریسکیو 1122کی خدمات حاصل کرنے کیلئے بروقت کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء نے مزید بتایا کہ محرم الحرام کے دوران شہر اور تمام تھلہ جات پر سہولیات کی فراہمی اور نقائص کی دوری کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کو بتایا کہ محرم الحرام کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے پرامن بنانے کیلئے تمام مکاتب فکر کے افراد میں اخوت وبھائی چارے، باہمی محبت و یگانگت افہام و تفہیم اور ہم آہنگی کو برقرار رکھنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے تمام محکموں میں باہمی افہام و تفہیم پر بھی زور دیا تاکہ محرم الحرام کے انتظاما ت کے سلسلے میں کوئی کسر نہ رہ جائے جس پر اجلاس کے شرکاء نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں