سیکرٹری ایکسائز نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور رشوت ستانی کے الزام میں چارسدہ ایکسائز سکواڈ کے عملے کو معطل کردیا

ہم سب سرکاری ملازمین ہیں اور قوم کی خدمت کیلئے بیٹھے ہیں، اختیارات کا غلط استعمال اور رشوت ستانی ہرگز قابل قبول نہیں، رشوت ستانی سرکاری اداروں کی جڑیں کھوکلی کردیتی ہیں : سیکرٹری ایکسائز ریاض خان محسود

جمعرات 21 فروری 2019 22:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2019ء) سیکرٹری ایکسائز ریاض خان محسود نے عوامی شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے چارسدہ ایکسائز موبائل سکواڈ کے عملے کو اختیارات کے غلط استعمال اور رشوت ستانی کے الزام میں معطل کردیا ہے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں سیکرٹری ایکسائز ریاض خان محسود کا کہنا تھا کہ رشوت ستانی اور اخیتارات کا غلط استعمال سرکاری اداروں کی جڑیں کھوکلی کردیتا ہے اور ایسے ادارے عوامی اعتماد کھو بیٹھتے ہیں۔

سرکار کا ہرملازم عوام کا خادم ہے اور عوام کی خدمت سرکاری ملازمین کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ کاروائی ایکسائز ریفارمز کا حصہ ہے اور اسے آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ایکسائز عملہ جہاں بھی تعینات ہے عوام کی خدمت کیلئے ہے اور وردی اور اختیارات کا غلط استعمال سنگین جرم ہے۔

(جاری ہے)

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام شکایات سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ ہرسرکاری دفتر میں بھی درج کرائی جا سکتی ہیں اور ہر کسی کی شکایت کی شنوائی ہوگی۔

سیکرٹری ایکسائز نے آٹھ ملازمین پر مشتمل عملے کو معطل کرکے ڈپٹی سیکرٹری ریحان خٹک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو پندرہ دن کے اندر اندر سیکرٹری ایکسائز کو رپورٹ کریگی۔ معطل ہونے والے ملازمین میں ایک انسپکٹر، دو اسسٹنٹ سب انسپکٹر تین کاسٹیبل اور ایک ڈرائیور شامل ہیں۔ معطل ملازمین پر درآمد شدہ موبائلز کیس میں پانچ لاکھ رشوت سمیت اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے۔ شکایت درج کرنے والے صارف نے سیکرٹری ایکسائز کا شکریہ ادار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کاروائیوں سے عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال ہوتا ہے اور ایسے افسران کی موجودگی سے عوام کی دلجوئی ہوتی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں