گاڑی کے ذریعے لاکھوں روپے مالیت کی ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش ناکام خواتین سمیت 4ملزمان گرفتار

ہفتہ 25 مئی 2019 17:41

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) پشاور پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران موٹر کار کے ذریعے لاکھوں روپے مالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خواتین سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان موٹر کار کے ذریعے ہیروئن پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے جن کے قبضہ سے 3 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات سمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایس پی سٹی شفیع اللہ گنڈا پور کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کسی بھی وقت بھاری لاکھوں روپے مالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی، اطلاع کو مصدقہ جانتے ہوئے شہر کے اہم مقامات پر ناکہ بندی کرکے چیکنگ کا عمل سخت کر دیا گیا، ڈی ایس پی سٹی ریاض خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ کوتوالی نور حیدر خان کے ہمراہ لاہوری گیٹ ناکہ بندی پر موجود تھے کہ اس دوران ایک مشکوک موٹر کار نمبری LXG-336 کو روک کر تلاشی لینے پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 3 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات سمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے منشیات پنجاب سمگل کرنے کا انکشاف کیا ہے جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے خواتین کو وومن پولیس اسٹیشن اور مرد ملزم کو تھانہ کوتوالی حوالات منتقل کر دیا گیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں