خیبرپختونخوا کے سرکاری سکول کے بچوں کاایک اور کارنامہ پاشا ایوارڈ زخیبرپختونخوا کے سرکاری سکول کے بچوں کے نام

اتوار 22 ستمبر 2019 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2019ء) خیبرپختونخوا کے سرکاری سکول کے ہونہار بچوں نے گزشتہ روز لاہور میں منعقدہ پاکستان سافٹ وئیرہاوس ایسوسی ایشن( پاشا ) انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ایوارڈز ایک بار پھر اپنے نام کردی۔ان ایوارڈز میں خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیر انتظام ارلی ایج پروگرامنگ کے طلباء نے پہلی دونوں ایوارڈز حاصل کرکے ایک بار پھر صوبے کا نام روشن کردیا۔

پاشا جونیئر سٹوڈنٹس ایوارڈز میں ملک بھر سے 21مختلف سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں کے طلباء نے حصہ لیا تھا۔ ان ایوارڈز میں گورنمنٹ ہائی سکول لبرکوٹ مانسہرہ کے عبداللہ سواتی نے پہلی جبکہ ضلع مردان کے گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول بغددا کے لقمان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلی خیبرپختونخواکے مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش، خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹرشہباز خان اور ڈائریکٹر پراجیکٹس عاصم جمشید نے کامیابی حاصل کرنے والے طلباء، اساتذہ اور ارلی ایج پروگرامنگ کے ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

اپنے ایک بیان میں منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر شہباز خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے بچوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ ان کے مطابق ارلی ایج پروگرامنگ جیسے منصوبوں سے صوبے کے سرکاری سکولوں کے بچوں کو کم ہی عمر سے اس قابل بنایا جارہاہے کہ وہ انفارمیشن اینڈکمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں صوبے کا نام روشن کرسکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دو سالوں سے خیبرپختونخوا کے بچوں کی ٹیموں کا آئی ٹی کے میدان میں بہترین پوزیشن حاصل کرنا خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ارلی ایج پروگرامنگ کی بڑی کامیابی ہے۔

ڈائریکٹر پراجیکٹس عاصم جمشید کے مطابق پاشا انفارمیشن اینڈ کمیونیکشن ٹیکنالوجی ایوارڈز کے جونیئر سٹوڈنٹ کیٹگری میں ملک بھر کے بڑے بڑے پرائیویٹ سکولوں نے حصہ لیا تھا جس میں خیبرپختونخوا کے سرکاری سکولوں طلباء نے بہترین کارگردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام دوسرے بچوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ان بچوں نے ثابت کردیا ہے کہ خیبرپختونخوا کا انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک تابناک مستقبل ہے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے زیرانتظام ارلی ایج پروگرامنگ صوبے کے مختلف سرکاری سکولوں میں جاری ہے جس میں چھٹی کلاس سے آٹھویں کلاس تک کے بچوں کو سافٹ وئیرز، گمیز اور ویب سائٹ بنانے کی تعلیم دی جاتی ہے۔ اس پروگرام کا دوسرا مرحلہ گزشتہ ہفتے شروع ہوچکا ہے جس میں ابتدائی طور پر سرکاری سکولوں کے آئی ٹی ٹیچرز کو تربیت دی جاررہی ہے جو کہ آگے جاکر سکول کے بچوں کو تعلیم دینگے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں