وزیرخزانہ تیمورسلیم جھگڑا کا اربن سیکٹر پلاننگ اینڈ مینجمنٹ سروسز یونٹ لاہور کا دورہ

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 22:38

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2019ء) خیبر پختونخواہ کے وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے ہفتے کے روزصوبہ پنجاب میں پائیدار شہری نظام کے لئے منصوبہ بندی کرنے والے اربن سیکٹر پلاننگ اینڈ مینجمنٹ سروسز یونٹ لاہور کا دورہ کیا ۔اس موقع پر وزیر خزاہ نے اربن یونٹ کے حکام کے ساتھ اربن یونٹ کی تکنیکی مدد سے خیبر پختونخوا میں شہروں کے نظام کو بہتر بنانے میں تعاون اور شراکت کے امکانات پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

چیف ایگزیکٹو اربن یونٹ خالد شیردل اور اربن یونٹ کی سینئر ٹیم نے وزیر خزانہ کو گذشتہ 13 سالوں میں یونٹ کے تحت تکمیل پانے والے مختلف کامیاب منصوبوں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ سابق سی ای او اربن یونٹ ڈاکٹر ناصر جاوید اور وفاقی سکریٹری سلیم رانجھا بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ تیمورسلیم نے اربن یونٹ کے اشتراک سے خیبر پختونخوا میں شہری نظام کو بہتر بنانے سمیت سیاحت کے فروغ،ایکسائز اور ٹیکسیشن کے ذریعے محاصل کی پیداوار اور اضافے ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور تعلیم کے شعبے میںجی آئی ایس پر مبنی جدید طریقہ کار کے تحت مختلف شعبوں پر کام کرنے میںگہری دلچسپی ظاہر کی۔

اس موقع پر اربن یونٹ کے حکام نے بھی خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ باہمی طور پر اس کے خدمات فراہمی کے اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لئے تکنیکی تعاون کی فراہمی پر آمادگی کا اظہار کیا۔ملاقات کے اختتام پر چیف ایگزیکٹو اربن یونٹ خالد شیردل نے وزیر خزانہ کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں