پشاور، ہزارہ پولیس طرز کی اصلاحات صوبے میں نافذ کرنے کے احکامات جاری

جمعرات 5 دسمبر 2019 23:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2019ء) آئی جی پی پولیس ڈاکٹر محمد نعیم خان کا ہزارہ پولیس کی طرز کی اصلاحات اور اقدامات پورے صوبے میں نافذ کرنے کے احکامات جاری کردیئے انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان نے صوبہ بھر کے اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ریجن/اضلاع میں ہزارہ ریجن کی طرز پر متعارف شدہ ٹریفک اصلاحات/اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور اس سے متعلق پراگرس رپورٹ جلد از جلد سنٹرل پولیس آفس پشاور کو بھیجوائیں۔

یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس پشاور سے جاری شدہ صوبہ بھر کے ریجنل پولیس افسروں اور چیف کیپٹل سٹی پولیس پشاور کو ایک خصوصی حکم نامے میں دیں۔ واضح رہے کہ ہزارہ ریجن میں ہزارہ پولیس نے، تمام نجی تعلیمی اداروں، تمام تاجر تنظیموں، بار ایسوسی ایشن کے ارکان، ٹرانسپورٹ /اڈہ یونین، میڈیا اور سول سوسائٹی کے ارکان پر مشتمل سٹیزن ٹریفک مینجمنٹ کمیٹی نے ٹریفک اصلاحات سے متعلق اپنی سفارشات پیش کیں۔

(جاری ہے)

جن میں ہلمٹ نہ پہننے والوں کو پیٹرول پمپوں پر تیل نہ ڈلوانے، کم عمر موٹرسائیکل چلانے والوںکو خصوصی طور پر، نشہ کرنے والے ڈرائیوروں کو پرائیویٹ گاڑیاںچلانے کی حوصلہ شکنی کرنے اور موٹر سائیکلوں کو ایک پہیہ پر چلانے کے کرتب دکھانے والوں کے خلاف خصوصی مہم شروع کرنا شامل تھا۔ ہزارہ سیٹزن ٹریفک مینجمنٹ کے ان اقدامات پر عمل درآمد کے نتیجے میں خلاف ورزی کرنے والے بہت سے افراد کے خلاف کارروائی کی گئی۔

مقامی سطح پر ٹریفک اصلاحات کو زبردست عوامی پزیرائی حاصل ہوئی اور اس کے نتیجے میں ٹریفک میں نمایاں بہتری آئی۔ آئی جی پی ڈاکٹر محمد نعیم خان نے ہزارہ ریجن کی طرز پر پورے صوبے میں ٹریفک اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میںCPOسے تمام ریجنل پولیس افسروں کو ایک خصوصی سرکلر جاری کیا گیا جسمیں انہیں ہزارہ ریجن میں حال ہی میں متعارف شدہ اصلاحات کو اپنے اپنے ریجن میں شروع کرکے اپنی رپورٹ سنٹرل پولیس آفس پشاور کو بھیجوانے کی ہدایت کی۔

حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹریفک کے بے ہنگم نظام کو سدھا رنا، ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کا پابند بنانا، ٹریفک نظام کو سہل اور ہر وقت رواں دواں رکھنا اور ٹریفک حادثات کی روک تھام تمام شہریوں کا دیرینہ مطالبہ ہے اور متعلق پولیس حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ریجن میں ٹریفک نظام میں جلد از جلد واضح اور نمایاں بہتری لائیں۔ آئی جی پی نے حکم نامے میں پولیس حکام کو اس ضمن میں مختلف مقامات پر رہنمائی کے بورڈز آویزاں کرنے اور ٹریفک نظام سے وابستہ تمام اداروں کے افسران کے آپس میں مربوط رابطہ رکھنے اور ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں