محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا کاکورونا کیخلاف لڑنے والے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کی غرض سے یادگار بنانے کا فیصلہ

یادگار کا بنیادی مقصد پولیس، صحافی، ڈاکٹرز سمیت تمامہ ہیروز کی خدمات کو امر کرنا ہے،مشیر بلدیات کامران بنگش

پیر 6 جولائی 2020 22:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2020ء) محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کی غرض سے یادگار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی ضمن میں طلباء ، عام شہری، پروفیشنلز اور اداروں سے یادگار کے لئے ڈیزائن مقابلہ میں اپنے ڈیزائن پیش کرنے کا کہا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے مذکورہ یادگار بنانے کے حوالے سے اپنی تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عظیم قوم اپنے ہیروز کو نہیں بھولتی۔ یادگار کا بنیادی مقصد پولیس، صحافی، ڈاکٹرز سمیت تمام ہیروز کی خدمات کو امر کرنا ہے۔معاون بلدیات کامران بنگش نے واضح کیا کہ بہترین آئیڈیا کو منتخب کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

(جاری ہے)

یادگار کے لئے ڈیزائن آئیڈیا منتخب ہونے کے بعد نجی شعبے سے تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یادگار کے طور پر ہیروز کی قربانیوں کو امر کریں گے۔معاون خصوصی نے کہا کہ تخلیقی آئیڈیاز محکمہ بلدیات کے ای میل ایڈریس یا بذریعہ ڈاک ارسال کی جا سکتی ہیں۔ منتخب آئیڈیا کو اعلیٰ سطح پر سراہا جائے گا جبکہ یادگار کیلئے جگہ محکمہ بلدیات اپنے دائرہ اختیار کی حدود میں فراہم کرے گا۔

معاون بلدیات کامران بنگش نے مزید کہا کہ ڈیزائن مقابلے کے لیے ڈیزائن 25 جولائی 2020 تک بھجوائے جا سکتے ہیں۔واضح رہے کہ بہترین آئیڈیا منتخب کرنے کے لئے بنائے جانے والی کمیٹی کے سرپرست معاون بلدیات کامران بنگش ہوں گے۔ طلباء ، عام شہری، پروفیشنلز اور ادارے یادگار کے لئے ڈیزائن مقابلہ میں اپنے ڈیزائن ای میل ایڈریس [email protected] پر بھیج سکتے ہیں۔ جبکہ بذریعہ ڈاک کے لئے ایڈریس ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن، محکمہ بلدیات انتخابات و دیہی ترقی،پولیس لائن روڈ، سول سیکرٹریٹ پشاور ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں