اشرف روڈ ہول سیل مارکیٹ سے 8 ہزار کلو گرام پلاسٹک بیگز برآمد

بدھ 20 جنوری 2021 23:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2021ء) پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے اشرف روڈ ہول سیل مارکیٹ سے ہزاروں کلو پلاسٹک پولی تھین بیگز کوضبط کرلیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے اسسٹنٹ کمشنر (سٹی)ڈاکٹر احتشام الحق، اسسٹنٹ کمشنر سید نعمان علی شاہ، ضلعی انتظامیہ اور ٹائون ون کے دیگر افسران کے ساتھ پولی تھین ہول سیل مارکیٹ میں بڑا آپریشن کیا۔

اس موقع پرپولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ کارروائی کے دوران 32 دکانوں سے 8 ہزار کلو پلاسٹک پولی تھین بیگز کوضبط کرتے ہوئے کارسرکار میں مداخلت پر 8 دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے مطابق پولیتھین پلاسٹک بیگ پر صوبائی حکومت نے پابند ی عائد کی ہوئی ہے اور ضلعی انتظامیہ پشاور ان احکامات کی روشنی میں پلاسٹک شاپنگ بیگ کے خلاف کاروائیوں میں مصروف ہے اور اس سے پہلے بھی ضلعی انتظامیہ پشاور نے یونیورسٹی روڈ اور حیات آباد میں کارروائیاں کرتے ہوئے ان علاقوں کو پولیتھین فری زون قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر پشاور نے تاجر برادری کو خبر دار کیا ہے کہ وہ پولیتھین پلاسٹک بیگز کا استعمال نہ کریں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ اس ضمن میں تمام انتظامی افسران کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کے مطابق پلاسٹک پولیتھین بیگز کے خاتمے تک کاروائیاں جاری رہیں گی۔جبکہ گرفتار افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔اشرف روڈ سے ضبط شدہ پلاسٹک بیگز کو ٹائون ون کے انفورسمنٹ آفیسر قیصر باچا کی سربراہی میں تلف کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں