پشاور پریس کلب کے کارکن صحافیوں کیلئے میڈیا کالونی سمیت تمام اعلانات پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے ،کامران بنگش

پریس کلب کی قیادت کی درخواست پر صوبے کی مختلف سرکاری رہائشی سکیموں میں صحافیوں کے کوٹے میں اضافہ کیا جا رہا ہے،، معاون خصوصی اطلاعات

جمعرات 22 اپریل 2021 23:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2021ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر پشاور پریس کلب کے کارکن صحافیوں کیلئے میڈیا کالونی سمیت تمام اعلانات پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے جس میں پریس کلب کی منتخب قیادت کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض کی قیادت میں وفد سے بات چیت کے دوران کیا وفد میں پریس کلب کے نائب صدر نادرخواجہ، جنرل سیکرٹری عمران بخاری اور فنانس سیکرٹری یاسر حسین شامل تھے، وفد نے معاون خصوصی اطلاعات و اعلیٰ تعلیم کو پشاور کے کارکن صحافیوں کے مسائل سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا، وفد کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں کامران بنگش نے کہا کہ صحافت جمہوری معاشرے میں ریاست کا چوتھا ستون ہے اور موجودہ وفاقی و صوبائی حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت بالخصوص وزیراعلیٰ محمود خان صوبے میں صحافیوں کی فلاح و بہبود اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹھوس اقدامات کر ر ہے ہیں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی اطلاعات کامران بنگش نے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے مس عمارہ سے تفصیلات لینے کے بعد وفد کو بتایا کہ پشاور کے صحافیوں کی رہائش کے دیرینہ مسئلہ کے حل کے لئے وزیراعلیٰ محمود خان نے پریس کلب کی تقریب حلف برداری میں پشاور ماڈل ٹاؤن/گندھارا سٹی میں میڈیا انکلیو کے قیام کا جو اعلان کر رکھا ہے اسے عملی جامہ پہنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور یہ امر خوش آئند ہے کہ پشاور ماڈل ٹاؤن میں لینڈشیئرنگ فارمولہ متعارف کرانے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کیلئے کابینہ سے منظوری حا صل کر لی گئی ہے اور قانون سازی کے لئے ترمیم کا مسودہ خیبر پختونخوا اسمبلی کو بھی ارسال کردیا گیا ہے جو رواں اجلاس میں منظور ہونے کی توقع ہے، کامران بنگش نے کہا کہ پشاور پریس کلب کی قیادت کی درخواست پر صوبے کی مختلف سرکاری رہائشی سکیموں میں صحافیوں کے کوٹے میں اضافہ کیا جا رہا ہے، صوبہ میں صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لئے جرنلسٹس ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ کی مالیت دگنا (12 کروڑ 80 لاکھ روپی) کرنے کی سمری اور پیپرورک بھی مکمل کرلیا گیا ہے، وزیراعلیٰ محمود خان کی جانب سے پشاور پریس کلب کے لئے 2 کروڑ روپے کی سپیشل گرانٹ کا کیس بھی محکمہ خزانہ کو ارسال کیا گیا ہے اور بہت جلد ادائیگی کر دی جائے گی کامران بنگش نے پشاور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ ان ایڈ کی 30 لاکھ روپے کی دوسری قسط کی ادائیگی کیلئے پریس کلب کی جانب سے پچھلی قسط کی آڈٹ رپورٹ فراہم کرنے کی شرط میں نرمی کرکے یہ قسط جلد اداء کرنے کا یقین دلایا، پشاور پریس کلب میں 67 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر و تزئین کا منصوبہ لیپس نہیں ہونے دیا جائے گا جبکہ کلب میں نئے بلاک کی تعمیر بھی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کی جائے گی، معاون خصوصی اطلاعات نے محکمہ اطلاعات کے ایکریڈیشن کارڈ کے ڈیزائن میں مناسب تبدیلی اور پشاور پریس کلب میں ڈیجیٹل سٹوڈیو کے قیام کی فزیبلٹی کی تیاری کے لئے بھی ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات کو ہدایت جاری کیں.

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں