بلوچستان میں طوفانی بارش،نشیبی علاقے زیر آب، گھروں کی چھتیں گر گئیں

پسنی شہر میں لوگوں کے گھروں میں بارش کا پانی بھی جمع ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں 18 تا 22 اپریل تک بارشوں کا سلسلہ متوقع،ہوائوں کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان

جمعرات 18 اپریل 2024 14:40

اسلام آباد/پشاور کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) بلوچستان میںطوفانی بارشوں کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیر آب ،کئی مکانات کی چھتیں گر گئیں۔تفصیلات کے مطابق پسنی میں مسلسل بارشوں سے 15 سے زائد مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرگئیں، مسلسل بارشوں سے پسنی شہر میں لوگوں کے گھروں میں بارش کا پانی بھی جمع ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

اس کے علاوہ گوادر کے علاقے فقیر کالونی، ملا فاضل چوک سمیت نشیبی علاقوں میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا، مکران کوسٹل ہائی وے بھی 2 مقامات پر بند ہوگئی ہے ،گزشتہ شب اورماڑہ بسول کے مقام پر سیلابی ریلے سے پل ٹوٹنے کے باعث روڈ بند ہوگئی تھی، پرنسسز آف ہوپ کے مقام پر متبادل راستہ بہہ جانے کی وجہ زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حکام کے مطابق خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں 18 تا 22 اپریل تک بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے، تاہم 25 تا 29 اپریل کے دوران بارشوں کا دوسرا اسپیل ہوگا جو تیز ہوائوں کے ساتھ ژالہ باری کا باعث بن سکتا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ شہری خطرناک پہاڑی علاقوں کی طرف سفر اور برساتی ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں،کمزور انفراسٹرکچر سے دور رہیں اور موسمی حالات سے باخبر رہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں