سی پیک سے پاکستان میں معاشی و اقتصادی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا، منصوبہ پاکستان کی معیشت کو استحکام بخشے گا، گورنر خیبر پختونخوا

بدھ 22 مئی 2024 18:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھی اور سمندر سے گہری ہے۔ یہ محض الفاظ نہیں درحقیقت ہر پاکستانی کے جذبات اور احساسات ہیں جس کی بنیادی وجہ سات دہائیوں پر مبنی وہ باہمی تعلق ہے جس نے دونوں ملکوں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب کیا اور پھر یہ دوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہوتا چلا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو میں پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 73 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران اور افغانستان کے پشاور میں تعینات قونصل جنرلزاور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈ شپ وال پر دستخط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔

انہوں نے پاک چین دوستی سے متعلق ویڈیو کا باضابطہ افتتاح اور 73 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔تقریب سے خطاب میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ برادر ہمسایہ ملک چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستان بھی کبھی پیچھے نہیں رہا۔ آج اگرچہ ہم مشکل معاشی صورت حال سے دوچار ہیں لیکن چین نے سی پیک کے طور جو معاشی منصوبہ شروع کیا ہے یقینی طور پر اس سے پاکستان میں معاشی و اقتصادی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔

یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت کو استحکام بخشے گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ صدر آصف علی زرداری کے دور میں کامیابیوں کا ہم سفر تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے پاک چین دوستی کو ہمیشہ انتہائی اہم سمجھا اور دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و اقتصادی تر قی کے لئے عملی اقدامات کئے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف چار جون سے چین کا دورہ کریں گے اور سی پیک کے دوسرے فیز پر تیزی سے کام کر کے لئے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

انہیں یقین ہے کہ رشکئی اکنامک زون میں نہ صرف غیر ملکی بلکہ پاکستانی سرمایہ کار بھی دلچسپی لیں گے اوریہاں لگنے والے کارخانے برآمدات اور صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافے سمیت لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کا باعث ہوں گے۔ پاک چین دوستی کی 73 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کے انعقاد کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو73 سال ہو گئے ہیں۔

اس سارے عرصہ میں دونوں ممالک کی حکومتوں اور خاص طور عوام کے درمیان دوستی باعث فخر رہی۔چین نے ہمیشہ ہمیں اپنوں سے بڑھ کر چاہا اور پاکستان نے بھی چین سے اپنی دوستی کا حق ادا کیا ہے۔اس کا ایک ثبوت آج کی یہ تقریب بھی ہے۔اس قسم کی تقریبات سارے ملک میں منعقد ہوں گی لیکن چائنہ ونڈو نے سب سے پہلے تقریب منعقد کر کے پشاور سے نہ صرف پشاور کے عوام بلکہ اہل خیبر پختونخوا کی جانب سے اپنے چینی بہنوں اور بھائیوں کو دوستی مزید مستحکم کرنے کا پیغام بھیجا ہے۔

انہیں خوشی ہے کہ چائنہ ونڈو نے دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے اور ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونے کا ایک شاندار موقع فراہم کیا۔ گورنر نے وفاقی حکومت کی جانب سے اہل چین کو دوستی کی73 ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کے عوام مستقبل میں بھی ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہوتے رہیں گے۔

انہوں نے چائنہ ونڈو کو پاک چین دوستی کا ایک اہم مرکز قرار دیا اور کہا کہ وفاقی حکومت چائنہ ونڈو کی ہر ممکن سرپرستی کرے گی۔قبل ازیں چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے تقریب سے خطاب میں بتایا کہ مئی کا مہینہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کا مہینہ ہوتا ہے اس بار ہم اپنے تعلقات کی 73 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ سات دہائیوں پر مشتمل دوستی کا یہ لازوال سفر کامیابیوں کے ساتھ جاری و ساری ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کی مثالیں دنیا بھر میں دی جاتی ہیں اس کی بڑی وجہ ایک طرف خطے کی جغرافیائی صورت حال اور دوسری جانب دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان محبت و چاہت کا رشتہ ہے جو ہر گذرتے لمحہ کے ساتھ مضبوط ہوتا چلا جا رہا ہے۔پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کا یہ سفر اکیس مئی 1951 کو شروع ہوا اور پھر جہاں چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا تو پاکستان نے بھی ہمیشہ ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے چینی عوام کے ہر خوشی و غم میں شرکت کی۔

آج ایک ایسے موقع پر جبکہ چین پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پیک)پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی میں ایک اہم کردار کا حامل منصوبہ بن چکا ہے ہم سمجھتے ہیں کہ وطن عزیز کا معاشی مستقبل اس عظیم منصوبے سے جڑا ہوا ہے۔امجد عزیز ملک نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور خاص طور پر صدر آصف زرداری نے نہ صرف سی پیک منصوبہ شروع کرنے میں اہم کردار ادا کیا بلکہ آج بھی ان کی خواہش ہے کہ منصوبہ تیزی کے ساتھ آگے بڑھے۔

اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت بلاشہ خراج تحسین کی مستحق ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس اسٹیٹ آف دی آرٹ چینی ثقافتی مرکز کو قائم ہو ئے لگ بھگ پانچ سال کا عرصہ ہو گیا ہے لیکن کورونا وباء کی وجہ سے انہیں کم و بیش تین برس میسر آئے جس میں اس مرکز کو دیکھنے والوں کی تعداد 2 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔اب یہ مرکز صرف سیاحت ہی نہیں بلکہ زندگی کے مختلف شعبوں کے حوالے سے تقریبات کا مرکز بھی بن گیا ہے۔

اس مرکز میں چینی زبا ن بھی سکھائی جاتی ہے۔اب تک 300 بچوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو چینی زبان کے ابتدائی دو کورسز پڑھائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چائنہ ونڈونے چین کی ہربن انجینئرنگ یونیورسٹی کے شعبہ چائنیز لینگویج سے بھی ایک معاہدے پر دست خط کئے ہیں جس کے تحت ہفتے میں دو بار آن لائن کلاسز منعقد کی جاتی ہیں۔ اسی طرح چائنہ ونڈو نے پاکستان میں چینی سفارت خانہ کی جانب سے صوبے کے تین طالب علموں کو اسکالرشپ بھی دئیے ہیں۔ بعدازاں گورنر فیصل کریم کنڈی نے پاک چین دوستی کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں