اے ایس علی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں پنجاب اور سندھ نے اپنے میچز جیت لئے

پیر 22 اپریل 2024 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) اے ایس علی بلائنڈ کرکٹ ٹرافی نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں پنجاب اور سندھ کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔پیر کوایونٹ کا 5واں میچ سندھ اور بلوچستان کے درمیان حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں کھیلا گیا جس میں سندھ نے ٹاس جیت کر بلوچستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ سندھ نے بلوچستان کو 7وکٹ سے شکست دی ۔

بلوچستان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 40 اوورز میں 8وکٹ کے نقصان پر 408 کا زبردست مجموعی سکور کیا۔ کپتان نعمت اللہ نے 50 گیندوں پر 60 رنز اور ہارون خان نے 74 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ مطیع اللہ نے پاور ہٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 35 گیندوں پر 63 رنز سکور کئے۔ بشیر خان 50، فصیح اللہ 30اور نصیب اللہ 25رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

سندھ کی جانب سے طلحہ اقبال نے تین وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں سندھ نے 409 رنز کا مشکل ہدف صرف 31ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ بدر منیر میچ کے ہیرو کے طور پر ابھرے، انہوں نے محض 109 گیندوں پر 231 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ بدر منیر کی بیٹنگ میں41 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ انیس جاوید کے 69 گیندوں پر 80 رنز سے ان کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے جیتنے میں اہم مدد ملی۔

اس طرح سندھ 7 وکٹوں سے میچ جیت گیا۔بدر منیر کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔پشاور میں کھیلے گئے ایونٹ کے چھٹے میچ میں پنجاب بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے خیبرپختونخوا کو 58رنز سے ہرا دیا، پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دو وکٹ کے نقصان پر 420 سکور کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے لیے ایک زبردست ہدف مقرر کیا۔ محمد صفدر نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 128 گیندوں پر 159 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔

معین اسلم نے 121 گیندوں پر 122 رنز بنا ئے۔ پنجاب کی اننگز کو 108 ایکسٹراز کے ذریعے مزید تقویت ملی۔ محمد راشد نے 57 گیندوں پر 83 اور شاہ زیب حیدر نے 66 رنز بنائے۔ اسرار حسن کی کی 52 گیندوں پر 74 رنز کی بہترین اننگز بھی رائیگاں گئی۔ پنجاب بلائنڈ کے بائولر آصف خان نے تین اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ بابر علی نے دو اہم کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ محمد صفدر کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں