aپشین سے اغوا ء ہونے والے وکیل کو قتل کر دیا گیا

منگل 16 اگست 2022 21:55

چ*پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2022ء) پشین سے گزشتہ شام اغوا ء ہونے والے وکیل کو قتل کر دیا گیا ہے، پشین لیویز نے مغوی کی تشدد زدہ لاش بوستان کے علاقے برآمد کرلی۔ تفصیلات کے مطابق پشین کے مقامی نوجوان وکیل صدام حسین کاکڑ ایڈووکیٹ کو پیر کی شام کو پشین شہر سے اغواکیا گیا تھا۔مغوی کے بھائی سراج الدین نے رات گئے پشین تھانہ میں ان کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی، منگل کی صبح بوستان لیویز نے ان کی گولیوں سے چھلنی لاش بوستان ڈیم کے قریب برآمد کرکے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال پشین پہنچائی، مقتول کو سر میں گولی مارکر قتل کردیاگیا تھا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن پشین کے صدر حاجی شمس الحق ترین ایڈوکیٹ، بلوچستان بار کونسل کے رکن امان اللہ کاکڑ ایڈوکیٹ، میروائس خان ترین ایڈوکیٹ، سابق صدور عبدالمناف بادیزئی ایڈوکیٹ، عبدالہادی ترین ایڈوکیٹ دیگر وکلا کے ہمراہ ہسپتال پہنچ گئے اور سخت احتجاج کرتے ہوئے عدالتی کاروائی کا مکمل بائیکاٹ کیا، اس دوران واقعہ کی اطلاع پاکر ڈپٹی کمشنر پشین ظفرعلی محمدشہی اور ایس پی پشین دیگر لیویز اور پولیس حکام کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور پورے ضلع بھر نفری الرٹ کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ناکہ بندی کرلی، اور وکلا کو یقین دھانی کرائی کہ مقتول کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ مقتول صدام حسین ایڈوکیٹ چند ماہ قبل ہی ایل ایل بی سے فارغ ہوکر پشین میں وکالت کا آغاز کیا تھا۔ مقتول کو منگل کی شام پشین کے مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا، نمازجنازہ میں مقامی وکلا، ضلعی انتظامی حکام اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ دریں اثنا بلوچستان بار کونسل کی کال پر آج بدھ کو صوبہ بھر میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کیاگیا

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں