صوبے میں تعلیم کے بہتر مواقعوں کی فراہمی، تعلیم کے فروغ کے لئے تعلیمی ماحول کو فروغ دینا اور معیاری تعلیم کے حصول کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی ترجیح ہے،گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی

جمعرات 18 جنوری 2018 23:20

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبے میں تعلیم کے بہتر مواقعوں کی فراہمی، تعلیم کے فروغ کے لئے تعلیمی ماحول کو فروغ دینا اور معیاری تعلیم کے حصول کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری شعوری جدوجہد اور بھرپور توجہ کے باعث ہائر ایجوکیشن کو فروغ ملا ہے۔

کیڈٹ کالجوں میں بھی تعلیمی امور ومعاملات اور درس وتدریس کا عمل پروان چڑھنا شروع ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کیڈٹ کالجز بلوچستان میں جاری تعمیراتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لینے، مختص فنڈز کی بروقت اور فعال استعمال کو یقینی بنانے اور زیرتعمیر کیڈٹ کالجوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے حوالے سی14ویں بورڈ آف کیڈٹ کالجز بلوچستان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر تعلیم طاہر محمود، صوبائی سیکریٹری ہائر ایجوکیشن عبداللہ جان، سیکرٹری فنانس ڈاکٹر روئیل بلوچ، پرنسپل سیکریٹری ٹو گورنر بلوچستان سجاد احمد بھٹہ اور کیڈٹ کالجز کے پرنسپلز صاحبان بھی موجود تھے۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہماری ہمیشہ یہ خواہش اور کوشش رہی ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں کیڈٹ کالجوں کی تکمیل کے بعد نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تربیت کے مواقع ان کی دہلیز پر میسر ہوں تاکہ نوجوان منظم تعلیمی اداروں اور پرسکون تعلیمی ماحول میں پڑھائی کرسکیں۔

انہوں نے پرنسپلز صاحبان پر زور دیا کہ وہ طلباء کے ذہنوں کو علم کی روشنی سے منور کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اخلاق سنوارنے اور کردار سازی پر بھی توجہ مرکوز رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں دوسروں کے احترام کرنے کے جذبے کو ابھارنے، اختلاف رائے کو برداشت کرنے اور بردباری پرمبنی رویوں کو تشکیل دینے کے لئے ٹھوس عملی اقدامات اٹھانا اشد ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کیڈٹ کالجز کے تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کے میٹیریل کا استعمال یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی کاموں کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ معیاری تعلیم اور نظم وضبط کے فروغ کے مواقع جلد میسر آسکیں۔ شرکاء اجلاس کی سفارشات اور تجاویز کی روشنی میں کئی اہم فیصلے بھی کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں