ماضی میں نہ تو بلوچستان کے مسائل کی طرف توجہ دی گئی اور نہ ہی حل کرنے کی کوشش کی گئی، وزیر اعلیٰ جام کمال

ملک میں جو خامیاں رہی ہیں ہم سب اس کا حصہ ہیں ،ماضی کے حل طلب صوبے کے مسائل حل کریں گے، خطاب

اتوار 21 اپریل 2019 15:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہاہے کہ ماضی میں نہ تو بلوچستان کے مسائل کی طرف توجہ دی گئی اور نہ ہی حل کرنے کی کوشش کی گئی۔نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ بلوچستان کے حوالے سے وزیراعظم کی سنجیدگی پر مشکور ہیں، موقع ملا تو مل کر ماضی کے پیدا کردہ مسائل حل کریں گے، ماضی میں نہ تو بلوچستان کے مسائل کی طرف توجہ دی گئی اور نہ ہی حل کرنے کی کوشش کی گئی، حکمران اور سیاست دان وہ ہوتے ہیں جو ملکی مسائل کو حل کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ ملک میں جو خامیاں رہی ہیں ہم سب اس کا حصہ ہیں تاہم ماضی کے حل طلب صوبے کے مسائل حل کریں گے، اس ملک اور صوبے کو اللہ تعالیٰ نے بڑے وسائل دیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک اور صوبے کو آگے لے جانے میں مشکلات آئیں گئی تاہم نیت صحیح ہو تو مشکلات حل ہوجائیں گی۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جن کے پاس چھت کے ساتھ روزگار نہیں ہے، اصل حکمران ملک کے مستقبل کیلئے پلاننگ کرتا ہے، صوبے کی بہتری کے لیے افواج بھی ہمارے ساتھ شریک ہیں، آج کا نوجوان ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے اور معلومات رکھتاہے، موجودہ نسل میں ملک کو ترقی دینے کی مکمل صلاحیت ہے۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کا شکریہ کہ انہوں نے طلبہ کے ساتھ اس تقریب کی تجویز کو منظور کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی طرف خصوصی توجہ پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔وفاقی وزیرہائوسنگ طارق بشیرچیمہ نے کہاکہ اگرآپ کی قیادت دیانت دار ہے تو پچاس لاکھ گھروں کا ہدف بہت چھوٹا ہے، 40صنعتیں ہائوسنگ کی صنعت سے وابستہ ہیں۔تقریب کے دوران بلوچستان میں پرتشدد واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں خاموشی بھی کی گئی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں