صوبائی حکومت تعلیم وصحت کے شعبوں کی ترقی کے اقدامات اور مکران کوسٹل ہائی وے کی حفاظت کیلئے پاک بحریہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریگی،وزیراعلیٰ بلوچستان

منگل 23 اپریل 2019 00:01

کو ئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پاکستان کی بحری سرحدوں کی نگہبانی کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کی ترقی کے لئے پاک بحریہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت تعلیم وصحت کے شعبوں کی ترقی کے اقدامات اور مکران کوسٹل ہائی وے کی حفاظت کے لئے پاک بحریہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی جبکہ انہوں نے نے گذشتہ دنوں اورماڑہ کے قریب رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ میں پاک بحریہ کے جوانوں کی شہادت پر پاک بحریہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل محمد فیاض جیلانی سے پیر کے روز یہاں ہونے والی ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پاک بحریہ ملک کی بحری سرحدوں کے تحفظ کی امین ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی پاک بحریہ نمایاں کردار ادا کررہی ہے خاص طور سے اورماڑہ میں نیول کیڈٹ کالج اور ہسپتال کے علاوہ گوادر اور دیگر علاقوں میں بحریہ کے ایجوکیشنل کمپلیکس مکران اور صوبہ بھر کے نوجوانوں کو تعلیم اور مقامی لوگوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں مصروف عمل ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے انسانی وسائل کے شعبہ میں سرمایہ کاری اہمیت کی حامل ہے اور صوبائی حکومت تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں کی ترقی کے لئے کثیر سرمایہ کاری کررہی ہے، ملاقات کے دوران اسکولوں کے سلیبس میں میری ٹائم کے مضمون کو شامل کرنے ،تعلیم وصحت کے شعبوں میں صوبائی حکومت اور پاک بحریہ کے باہمی تعاون کے فروغ اور مکران کوسٹل ہائی وے پر سفر کرنے والے مسافروں کی حفاظت سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی اور کمانڈر کوسٹ نے وزیراعلیٰ کو اس حوالے سے بریفنگ دی، ملاقات میں ماہی گیروں کی فلاح وبہبود کے اقدامات کابھی جائزہ لیاگیا، وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی حکومت ماہی گیری کے لئے استعمال ہونے والی بوٹس کی رجسٹریشن اور ان میں ٹریکنگ کے نظام کی تنصیب کے منصوبے کا جائزہ لے رہی ہے جبکہ فشر مین ٹرسٹ کے قیام کو بھی عملی جامہ پہنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

کمانڈر کوسٹ نے پاک بحریہ کے زیرانتظام تعلیم وصحت کے اداروں میں تعاون کی فراہمی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں