موسمیاتی تغیرات، آلودگی اور خشک سالی سے نمٹنے کے لئے جنگلات میں اضافہ ناگزیر ہے، شجر کاری مہم میں لگائے گئے درختوں کی نگہداشت بھی لازم ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

بدھ 24 اپریل 2019 22:55

کوئٹہ۔ ۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت مون سون سیزن 2019ء کی شجرکاری مہم کے آغاز کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کو آگاہ کیا گیا ہے کہ اس سال سرسبز بلوچستان پروگرام کے تحت مون سون شجر کاری مہم کے دوران 352000درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تاہم اس دوران متوقع طور پر نو لاکھ سے زائد پودے لگائے جاسکتے ہیں، مہم میں آرمڈ فورسز، سول سوسائٹی، حکومتی اور تعلیمی ادارے بھرپور طورپر حصہ لیں گے، مہم 17جولائی تا 17 اکتوبر تک جاری رہے گی اور صوبے کے جنوبی اور شمالی علاقوں کے موسمی حالات اور پانی کی دستیابی کے مطابق موزوں پودے لگائے جائیں گے، اجلاس میں سیکرٹری محکمہ جنگلات سعیداحمد جمالی، چیف کنزرویٹر محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس کو بتایا گیا کہ مون سون کے زیر اثر آنے والے اضلاع میں مون سون سیزن میں 33سے 67فیصد تک بارشیں ہوتی ہیں، وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تغیرات، آلودگی اور خشک سالی سے نمٹنے کے لئے جنگلات میں اضافہ ناگزیر ہے، اس کے ساتھ ساتھ صرف شجر کاری مہم میں درخت اور پودے لگانا ہی کافی نہیں بلکہ ان کی نگہداشت بھی لازم ہے، انہوں نے کہا کہ اگر گذشتہ تین برسوں کی شجر کاری مہم کے نتائج کا جائزہ لیا جائے تو اس دوران کم سے کم 22لاکھ درخت لگائے گئے لیکن نگہداشت نہ ہونے کے باعث ان کی نشوونما نہ ہوسکی اور فنڈز کا ضیاع ہوا، انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات تمام ضلعوں میں ایک مخصوص علاقہ منتخب کرکے شجر کاری کرے جس سے درختوں کی آبیاری ، تحفظ اور ان کی نشوونما ممکن ہوسکے گی اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنا ممکن ہوگا، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ موسمی اثرات کی شدت سے پودوں کو محفوظ رکھنے کے لئے کنٹرول شیڈ نرسریاں قائم کی جائیں اور مقامی سطح پر لوگوں کو نرسریاں قائم کرنے کی جانب راغب کیا جائے اور محکمہ جنگلات ان سے پودے خریدے جبکہ گھریلو سطح پر بھی خواتین کو نرسریاں قائم کرنے کی ترغیب دی جائے جس سے نچلی سطح پر معاشی سرگرمیاں پیدا ہوں گی اور لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ڈیمز کے کمانڈ ایریا سڑکوں اور قومی شاہراہوں کے کناروں اور ساحلی علاقوں پر بھی شجرکاری کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے شجر کاری مہم اور جنگلات کے تحفظ اور نگرانی کے لئے ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کی بھی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ جنگلات کے ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی منظوری بھی دی۔ وزیراعلیٰ نے فارسٹ قوانین میں ضروری ترامیم کیلئے سفارشات کی تیاری کی ہدایت بھی کی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں