ضلع شیرانی کے جنگلات میں12روز سے لگی آگ پر قابو پا لیا گیا

منگل 24 مئی 2022 16:12

ضلع شیرانی کے جنگلات میں12روز سے لگی آگ پر قابو پا لیا گیا
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) ضلع شیرانی کے جنگلات میں 12روز سے لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ منگل کو وزارت اطلاعات و نشریات بلوچستان کے ایک اعلامیہ میں بتایا گیا کہ بلوچستان کے ضلع شیرانی میں چلغوزے اور زیتون کے گھنے جنگل میں 12 روز سے لگی آگ پر تمام متعلقہ محکموں کی کوششوں اور برادر ملک ایران کے فائر فائٹنگ طیارہ کی مدد سے قابو پالیا گیا ہے تاہم متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرین کی بحالی تک یہ امدادی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آگ پر قابو پانے کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت اور صوبائی حکومت کی درخواست پر ہمسایہ ملک ایران سے دنیا کا سب سے بڑا فائر فائٹر طیارہ بلوچستان پہنچا جس کے بعد متاثرہ علاقے میں وسیع پیمانے پر فائر فائٹنگ آپریشن کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آگ بجھانے کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے قائم کردہ سپیشل ٹاسک فورس کے سربراہ و سیکرٹری فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ میر دوستین خان جمالدینی نے "اے پی پی " کو بتایا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلی بلوچستان کی ہدایت پر ضلع شیرانی میں آگ بجھانے کے کام کی نگرانی صوبائی ٹاسک فورس نے کی، گرینڈ آپریشن میں تمام متعلقہ محکموں نے حصہ لیا۔

سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات بلوچستان کے مطابق آگ پر قابو پانے کیلئے مقامی کمیونٹی کے رضاکاروں ،پاک فوج کے دو ہیلی کاپٹر زنے امددای کارروائیوں میں حصہ لیا۔انہوں نے بتایا کہ کمشنر ژوب ڈویژن نے آگ پر قابو پانے کی غرض سے ڈویژن میں ایمرجنسی نافذ کی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں