ووٹ کا اندارج شناخی کارڈ پر دیئے گئے مستقل یا عارضی پتہ پر 31 دسمبر سے پہلے کروائیں، صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان

منگل 18 دسمبر 2018 21:01

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان غلام اسرار خان نے کہا ہے کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 27 کے مطابق اب انتخابی فہرست میں ووٹ کا اندراج صرف شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ پر کروایا جاسکتا ہے،ایسے تمام رائے دہندگان جن کے نام انتخابی فہرستوں میں ان کے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ کسی دیگر پتہ کے مطابق درج ہیں ان سے درخواست ہے کہ وہ مندرجہ بالا ایکٹ کی روشنی میں 31 دسمبر 2018 تک اپنے ووٹ اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے مطابق منتقل کروالیں، ووٹ کے اندراج اور منتقلی کے لیے فارم نمبر 21 الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ صوبائی، الیکشن کمشنر بلوچستان کے دفتر یا بلوچستان کے تمام رجسٹریشن افسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے حاصل کیے جاسکتے ہیں، درخواست گزار اپنے فارم کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کی اصل کاپی لازمی منسلک کریں اور ہر طرح سے مکمل فارم متعلقہ رجسٹریشن آفسر/ضلعی الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کروائیں،سرکاری ملازم اور اہل خانہ (خاوند /بیوی اور بچی) اپنے ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ پر درج مستقل یا عارضی پتہ کے علاوہ ایسے پتہ پربھی کرواسکتے ہیں جہاں پر ملازمت کی وجہ سے عارضی رہائش اختیار کی گئی ہو۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ الیکشن رولز 2017 کے مطابق فارم نمبر 21 درخواست گزار بذاتِ خود جمع کروائے گا ، بصورت دیگر فارم اختیار نامہ کے ساتھ بذریعہ اپنے والد، والدہ، خاوند /بیوی، بیٹی/دختر بھی جمع کروایا جاسکتا ہے۔رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات جاننے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں۔ تمام اضلاع میں قائم مراکز معلومات و شکایات کی فہرست الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ سے حاصل کی جاسکتی ہے۔اس ضمن میں صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان اور تمام ضلعی الیکشن کمشنرز کے دفاتر ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلے رہیں گے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں