پولیو کے خلاف تمام معاشرتی اکائیوں کو متحرک کرکے وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ

بدھ 17 جولائی 2019 19:41

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ طاہر ظفر عباسی نے کہا ہے کہ حالیہ پولیو کیسزسامنے آنے کے بعد پولیو کے خلاف تمام معاشرتی اکائیوں کو متحرک کرکے وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں کوئٹہ میں پولیو وائرس کے حوالے سے حساس یونین کونسلوں پرخصوصی توجہ دیتے ہوئے ٹیموں کی نگرانی اور کارکردگی کو بہتر بنائی جائے اس سلسلے میںکوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں پولیو کی مجموعی صورتحال اور ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ سٹی ثناء صافی،اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ صدر ببرک خان کے علاوہ عالمی ادارہ صحت، یونیسف، اور دیگر متعلقہ اداروں کے آفسران اور نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہاکہ پولیو کے خاتمے کے لئے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں اور یونین کونسل کی سطح پر موثراقدامات کرنے سے ہی تمام بچوں تک حفاظتی قطروں کی باآسانی رسائی ممکن ہوگی۔

ٹیموں کی تربیت اور مانٹیرنگ کے نظام کو موثر بنانے کے سلسلے میں خصوصی انتظامات کئے جائیں تاکہ کوئی بھی ایک بچہ پولیو کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔انہوں نے کہاکہ دوردراز علاقوں سے آنے والے بچوں کی نقل وحمل پر نظر رکھتے ہوئے ٹیموں کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پولیو وائرس کی باآسانی منتقلی کو روکا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ ٹیموں اور متعلقہ اداروں کی حفاظت کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے باہمی اشتراک اورتعاون سے سخت انتظامات کررہے ہیں۔جبکہ تمام بچوں تک رسائی حاصل کرنے کے لئے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں