کسٹم انٹیلی جنس ،ایف بی آر اوردیگراداروں کے تاجروں کے گوداموں پر چھاپے ،تاجروں پرفائرنگ قابل مذمت ہیں،عبد الر حیم کاکڑ

بلوچستان میں کارخانے نہ ہونے اورزراعت تباہ ہونے کی وجہ سے روزگار کے زرائع نہ ہونے کے برابرہیں اور صوبے کے عوام کا روزگارکا واحدذریعہ تجارت اور بارڈر سے منسلک ہے لیکن گزشتہ کئی ماہ سے بارڈر بھی مکمل طور پر بند ہونے سے لاکھوں کی تعدادمیں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں، انجمن تاجران بلوچستان

منگل 30 اپریل 2024 21:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ کسٹم انٹیلی جنس ،ایف بی آر اوردیگراداروں کے تاجروں کے گوداموں پر چھاپے ،تاجروں پرفائرنگ قابل مذمت ہیں،گوداموں سے ضبط کیاگیا تاجروں کا کروڑوں روپے کا سامان فوری طورپر واپس اور تاجروں کو بلاجواز تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیاجائے بصورت دیگر تاجرن کسٹم انٹیلی جنس ،ایف بی آر اوردیگراداروں کے دفاتر کے گھیراؤ سمیت سخت احتجاج پر مجبور ہونگے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

یہ بات مرکز ی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ،حضرت علی اچکزئی ،یاسین مینگل ،گودام ایسوسی ایشن کے حاجی عبداللہ ،انجمن تاجران سورج گنج بازار کے منظورترین ، حاجی سعداللہ اچکزئی ، عالم خان کاکڑ،حاجی باری اچکزئی ،حاجی محمدجان آغا درویس ، حاجی محمدنواز ، سولرایسوسی ایشن کے سردارولی ،حاجی محمدہاشم ،حاجی محمد عیسیٰ،حاجی رحمت اللہ ، حاجی داود اچکزئی ،درمیانہ گلی کے امیرجان آغا،حاجی عبداللہ اچکزئی ،چیئرمین درمیانہ گل کلیم اللہ کاکڑاوردیگر نے منگل کو کسٹم انٹیلی جنس آفس کے سامنے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس سے قبل مرکزی انجمن تاجران کے زیراہتمام تاجروں کے گوداموں اوردکانوں پر چھاپوں ،تاجروں پرفائرنگ کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی جناح ٹاؤن میں واقع کسٹم انٹیلی جنس آفس پہنچ کر دھرنے کی شکل اختیارکرگئی۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہاکہ بلوچستان میں کارخانے نہ ہونے اورزراعت تباہ ہونے کی وجہ سے روزگار کے زرائع نہ ہونے کے برابرہیں اور صوبے کے عوام کا روزگارکا واحدذریعہ تجارت اور بارڈر سے منسلک ہے لیکن گزشتہ کئی ماہ سے بارڈر بھی مکمل طور پر بند ہونے سے لاکھوں کی تعدادمیں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں اب رہی سہی کسر کسٹم انٹیلی جنس ،ایف بی آر اوردیگراداروںکے چھاپوں نے پوری کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسٹم انٹیلی جنس ، ایف بی آراوردیگرادارے رات کی تاریکی میں تاجروں کے گوداموں اور دکانوں پرچھاپے مارکروہاں سے کروڑوں روپے کا سامان اٹھاکرلے جاتے ہیں جس میںسے آدھاسے زیادہ سامان راستے میں ہی غائب کردیاجاتا ہے جس سے کوئٹہ کے تاجروں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے گزشتہ روز جب گودام پرچھاپے کے بعد تاجر وہاں اکٹھے ہوئے تو سیکورٹی فورسزنے ان پر فائرنگ کردی جس کی مرکزی انجمن تاجران بلوچستان سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تاجر چمن بارڈر ،تفتان بارڈرکے راستے افغانستان اور ایران سے ٹیکس ادا کرنے کے بعدسامان لاکرئٹہ کے گوداموں میں اسٹاک کرتے ہیں اسی طرح پنجاب اور سندھ سے آنے والا سامان بھی گوداموں میںاسٹاک کیاجاتا ہے جس روزانہ کی بنیادپریہ سامان کوئٹہ شہرکے دکانداروں کوچھوٹی گاڑیوں کے ذریعے سپلائی کیاجاتا ہے لیکن کسٹم انٹیلی جنس ،ایف بی آر اوردیگرادارے یہ سامان مال غنیمت سمجھ کراٹھاکر لے جاتے ہیں جس کی مرکزی انجمن تاجران کسی بھی صورت اجازت نہیں دے گی ۔

انہوں نے کہا کہ جبکہ کوئٹہ شہر میں جگہ جگہ ایگل اسکواڈاورپولیس اہلکار ناکے لگاکر گوداموں سے کوئٹہ شہر سامان لانے والی چھوڑی گاڑیوں اوسوزوکیوں کو پکڑ کر رشوت طلب کرتے ہیں آئی جی پولیس اسکا نوٹس لیں ۔انہوں نے کہاکہ کسٹم انٹیلی جنس ،ایف بی آر ،پولیس اوردیگرادارے تاجروں کو لاوارث نہ سمجھیں مرکزی انجمن تاجران تاجروں کے حقوق اورانکے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

انہوں نے کہاکہ اس قبل بھی گوداموں اور تاجروں کی دکانوں پرچھاپوں کے خلاف مرکزی انجمن تاجران کے کسٹم ہاؤس کے سامنے دھرنے کے درمیان معاہدہ طے پایا تھاکہ بلیلی کسٹم اور لکپاس کے درمیان شہرکے کمرشل علاقوں میں کسٹم سمیت کوئی بھی ادارہ گوداموں پر چھاپے نہیں مارے گا لیکن وعدے کی خلاف ورزی کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اگر کسٹم انٹیلی جنس ،ایف بی آر اور دیگر اداروں نے گوداموں پرچھاپوں اور سامان ضبط کرنے کا سلسلہ بند نہ کیاتو مرکزی انجمن تاجران ان اداروں کے دفاتروں کے گھیراؤ سمیت شٹرڈاؤن ہڑتال سمیت احتجاج کا ہرراستہ اختیار کریگی جس کی تمام ترذمہ داری متعلقہ اداروں کے حکام پر عائد ہوگی۔

اس موقع پرمرکزی انجمن تاجران اور کسٹم انٹیلی جنس افسران کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں کسٹم انٹیلی جنس نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ کسی بھی گودام پرچھاپے نہیں مارے جائیں گے جس کے بعدمرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے کسٹم انٹیلی جنس آفس کے سامنے دھرنے کو ختم کردیا اور پرامن طور پرمنتشر ہوگئے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں