نیب کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنے مینڈیٹ کے اندر رہ کر ہر ممکن کوشش کرے گا، ڈائریکٹر جنرل نیب

بدھ 22 مئی 2024 20:15

ی*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2024ء) چیئرمین نیب کے وژن کے مطابق، بزنس فیسیلیٹیشن ڈیسک نے 20 مئی 2024 کو پیٹرن ان چیف چیمبر آف کامرس ڈسٹرکٹ پشین کے ساتھ میٹنگ کی۔ ڈائریکٹر جنرل نیب (بلوچستان) نے میٹنگ کی صدارت کی جس میں بزنس فیسیلیٹیشن ڈیسک کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اس ملاقات کا مقصد کاروبار کرنے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی کوشش تھی۔

نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بزنس فیسیلیٹیشن سیل (BFC) اور تمام علاقائی نیب بیوروز میں بزنس فیسیلیٹیشن ڈیسک (BFD) نیب اور کاروباری برادری کے درمیان بہتر ہم آہنگی کے لیے تشکیل دئیے گئے ہیں اور یہ ڈیسک نیب (بلوچستان) میں بھی فعال طور پر اپنا کام سر انجام دے رہا ہے۔ نیب (بلوچستان) اس سلسلے میں پہلے ہی کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری، ویمن چیمبر آف کامرس کوئٹہ ڈویژن، جوائنٹ چیمبر آف کامرس (پاک- ایران) کے ساتھ ساتھ گوادر مکران ڈویژن میں بھی میٹنگز منعقد کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

7 مئی 2024 کو نیب (بلوچستان) سب آفس گوادر کے افتتاح کے سلسلے میں اپنے دورے کے دوران چیئرمین نیب نے گوادر میں بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا مقصد کاروبار سے متعلق مسائل کو حل کرنا، گڈ گورننس اور بدعنوانی کے خلاف روک تھام کے اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔نیب کوئٹہ میں دوران میٹنگ پیٹرن ان چیف نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ سرکاری کاموں میں غیر ضروری طوالت، رشوت خوری اور بھتہ خوری کاروبار کرنے کے عمل کو بری طرح متاثر کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری برادری کی غیر موثر نمائندگی، ناقص کاروباری پالیساں اور غیر مؤثر عملداری، محدود ادارہ جاتی تعاون اور چیمبرز آف کامرس کی غیر فعالی اس ضمن میں بڑے مسائل ہیں۔ مزید براں حکومت اور چیمبرز آف کامرس کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان حوصلہ افزاء تعاون سے مسائل کو حل کرنے میں نمایاں مدد مل سکتی ہے اور نیب ان رابطوں میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔اجلاس میں اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ نیب کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنے مینڈیٹ کے اندر رہ کر ہر ممکن کوشش کرے گااور انجمن تاجران/ چیمبرز کے عہدیداران بھی کرپشن، سمگلنگ اور غیر قانونی ادائیگیوں کے خاتمے کے لیے اپنا انتہائی کردار ادا کریں گے ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں