رحیم یار خان ۔ضلع بھر میں پلانٹ فار پاکستان مہم کامیابی سے جاری ہے،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رحیم یار خان

جمعرات 22 اگست 2019 19:48

رحیم یار خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2019ء) ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رحیم یار خان چوہدری طالب حسین رندھاوا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ضلع بھر میں ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی سربراہی میں پلانٹ فار پاکستان مہم کامیابی سے جاری ہے اور اس سلسلہ میں ضلع بھر کی اہم شاہرات، گرین بیلٹس، دستیاب سرکاری اراضی سمیت تمام محکموں کے بھر پور انداز سے پودے لگائے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ہائی ویز(ایم اینڈ آرز)کے زیر اہتمام کوٹسمابہ تا سہجہ شاہی روڈ پر پودے لگانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایس ڈی او ہائی ویز(ایم اینڈ آر)رفاقت علی باجوہ سمیت دیگر موجود تھے۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی ہدایات ہیں کہ ضلع رحیم یار خان کو سرسبز و شاداب بنانا ہے اور اس سلسلہ میں تمام محکموں کے ٹارگٹ تفویض کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سابقہ مہم کے دوران ضلع میں لگائے جانے والے پودوں کی کامیاب آبیاری و تحفظ 75فیصد سے زائد ہے اور اس مہم میں بھی محکمہ جنگلات، ہائی ویز اور انہار نے بہترین کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ سابقہ مہم میں ہائی ویز (ایم اینڈ آر) کی جانب سے مختلف شاہرات پر5ہزار سے زائد پودے لگائے گئے تھے جو کامیابی سے پروان چڑھ رہے ہیں جبکہ اس مہم کے دوران10ہزار پودے لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ تمام محکموں کو پودے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مفت فراہم کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کامیا ب شجر کاری حکمت عملی اپنانے پر ایکسین ایم اینڈ آر سید حسنین زیدی اور ان کی ضلعی ٹیم کو ڈپٹی کمشنر کی جانب سے شاباش بھی دی۔ایس ڈی او رفاقت علی باجوہ نے بتایا کہ اس مہم کے دوران رواں مون سون سیزن میں مختلف شاہرات کے اطراف میں 10ہزار پودے لگائے جائیں گے، کوٹسمابہ تا سہجہ تک 3ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ تین یوم میں مکمل کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کے احکامات اور ایکسین ہائی ویز سید حسنین زیدی کی ہدایات و سربراہی میں ایم اینڈ آر کا تمام فیلڈ عملہ و افسران شاہرات کے تحفظ اور انہیں خوبصورت بنانے کے لئے کوشاں ہے۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں