”نگہبان رمضان پیکج“ پرعملدرآمد کے حوالے سے ضلعی مانیٹرنگ ٹیم کے چیئرمین کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد

بدھ 13 مارچ 2024 22:54

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع میں جاری ”نگہبان رمضان پیکج“ پرعملدرآمد اور رمضان بازار سمیت ماہ صیام میں عوام کو اشیاء روزمرہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو مانیٹر کرنے کے لئے تشکیل دی گئی ضلعی مانیٹرنگ ٹیم کے چیئر مین و ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری محمود احمد اور ممبر صوبائی اسمبلی غضنفر لنگاہ نے ڈپٹی کمشنر خرم پرویز کے ہمراہ اہم اجلا س کی صدارت کی ،جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) احمد رضابٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری محمود احمد نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ رمضان المبارک کے موقع پر نادار گھرانوں کو ان کی دہلیز پر حق پہنچایا جا رہا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ہے کہ مستحق گھرانوں کے افرادکو ان کی امانت دہلیز پر پہنچائی جائے ، ضلعی سطح پر رمضان المبارک کے مہینہ میں مستحق و نادار گھرانوں تک نگہبان رمضان پیکج کے راشن بیگ پہنچانے اور ماہ مقدس میں گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لئے صوبہ بھر میں ممبران اسمبلی پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ضلع رحیم یار خان میں جاری حکومت پنجاب کے ”نگہبان رمضان پیکج“ پر ہونے والی پیشرفت، ضلعی انتظامیہ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی اور رمضان بازار میں دستیاب سہولیات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے رمضان بازار میں فیئر پرائس شاپس پر صارفین کی سہولت کے لئے ہر لائن میں کرسیاں رکھنے کے اقدام پر بھی ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیم کو سراہا۔

ڈپٹی کمشنر خرم پرویز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ”نگہبان رمضان پیکج“ کے تحت ضلع رحیم یار خان کا ہدف4لاکھ57ہزار 100گھرانوں تک راشن بیگ پہنچانا ہے ،ضلعی انتظامیہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے پُر عزم ہے اور انشاء اللہ رجسٹرڈ گھرانوں کی دہلیز تک راشن بیگ مقررہ مدت میں پہنچائے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار، اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو عوامی دسترس میں رکھنے کے حوالہ سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اقدامات بارے آگاہ کیا اور بتایا کہ گذشتہ روز پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ہمراہ سبزی و فروٹ منڈی سمیت عام مارکیٹ کا وزٹ کیااور گرانفروش،سرکاری نرخ نامے آویزاں نہ کرنے پر دکانداروں کوجرمانے کئے جبکہ ٹماٹر، پیاز، آلو سمیت دیگر بنیادی اجناس کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لئے ڈیلرز کے ساتھ میٹنگ کی جس کے مثبت نتائج سامنے آئے اور آج ٹماٹر کے ریٹ میں 23روپے تک کمی واقع ہوئی ہے۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں