ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن نے ایک برس میں 4 ارب 37کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو حاصل کر لیا

اتوار 22 جولائی 2018 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن نے ایک برس میں 4 ارب 37کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو حاصل کر لیا ۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی سے اے پی پی کو موصولہ اعداد و شمار کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن نے مالی سال 2017-18میں پراپرٹی ،موٹر ،پروفیشنل ٹیکس ،ایکسائز فیس اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی سمیت مجموعی طور پر 4.377 بلین روپے کا ریونیو اکٹھا کیا گیا ۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن نے مالی سال 2017-18 میں چاروں اضلاع راولپنڈی ،جہلم ،چکوال اور اٹک سے 4.185 بلین روپے کا ریونیواکٹھا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جس کے مقابلے میں مجموعی ہدف کا 105فی صد حاصل کیا گیا۔قومی خبر ایجنسی کو دستیاب اعدادو شمار کے مطابق ایکسائز راولپنڈی ڈویژن نے انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 6,300,661روپے ،ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 1,499,092,208روپے ،موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 1,153,615,188 روپے ،پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 75,646,697روپے ،پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 1,429,623,380روپے جبکہ لگژری ھائوس ٹیکس کی مد میں 21,329,265 روپے کا ریونیو اکٹھا کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ایکسائز ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی نے مقررہ ہدف سے 22فی صد زائدحاصل کیا جبکہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں مقررہ ہدف کا 98فی صد حاصل کیا گیا ۔قبل ازیں گذشتہ مالی سال میں ایکسائز راولپنڈی ڈویژن نے 3.804 بلین روپے کا ریونیو اکٹھا کیا تھا ۔دریں اثناء ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی نے ٹوکن ٹیکس وصولی میں عوامی سہولت کے لیے دوسری شفٹ کا اجراء بھی کر دیا ہے ۔

ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر موٹر امجد علی خان اور اسسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر موٹر سہیل شہزاد نے اے پی پی کو بتایاکہ ایکسائز ،ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب نے ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کی سہولت کے لیے 31جولائی کی مقررہ تاریخ سے قبل مالی سال 2018-19کے ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کی صورت میں 10فی صد کی خصوصی رعائت بھی دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے مستفید ہوں سکیں جبکہ معمول کے مطابق ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی کی صورت میں رعائت نہیں دی جائے گی ۔

اسسٹنٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر موٹر سہیل شہزاد نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ عوامی سہولت کے پیش نظرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر موٹر امجد علی خان کی ہدایت پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس راولپنڈی میں ٹوکن ٹیکس کی وصولی دو شفٹوں میںجاری ہے تاکہ کوئی بھی ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی میں دی گئی رعائت سے استفادہ سے محروم نہ رہے۔انہوں نے بتایاکہ دوسری شفٹ کے اوقات سہ پہر 3بجے سے شام 6بجے تک رکھے گئے ہیں ۔ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر موٹر امجد علی خان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ٹوکن ٹیکس کی بروقت ادائیگی کریں اور نہ صرف 10فی صد رعائت سے مستفید ہو ں بلکہ عدم ادایئگی کی صورت میں جرمانہ و دیگر قانونی کارروائی سے بھی بچیں ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں