راولپنڈی،سی پی اونے چہلم حضرت امام حسین کے مرکزی جلوس میں شر انگیزی کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی، تین مشکوک افرادگرفتار

اتوار 20 اکتوبر 2019 21:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2019ء) سی پی اومحمد فیصل رانا نے چہلم حضرت امام حسین کے مرکزی جلوس میں شر انگیزی کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی۔ تین مشکوک افرادگرفتار،تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ملزمان کا تعلق افغانستان سے بتایا جا تا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چہلم حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ روٹ پر رواں دواں تھا، سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لئے ڈی آئی جی/ سی پی او محمد فیصل رانابھی جلوس کے ہمراہ تھے۔

جلوس جب فوراہ چوک کے قریب پہنچا تو سی پی او کو اطلاع ملی کہ انتہائی مشتبہ افراد جلوس کے روٹ پر مشکوک حرکات کر رہے ہیں۔سی پی او فیصل رانا فوری طور پر پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور تینوں افراد کو گرفتار کروا کر تفتیش کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ گرفتار ملزمان کا تعلق افغانستان سے ہے جو چہلم امام حسین کے مرکزی جلوس میں کسی قانون شکنی کے لئے یہاں پہنچائے گئے تھے۔

سی پی او فیصل رانا کا کہناہے کہ گرفتار افراد سے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں پر مشتمل جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (JIT)تفتیش کرے گی۔اس بات کا جائزہ لیا جائے گاکہ گرفتار افراد کس کالعدم تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں۔وہ جلوس میں کیسے آئے اور انکے مقاصد کیا تھے،ادھر شیعہ تنظیموں سمیت ضلعی امن کمیٹی اور تاجر برادری نے مشکوک افراد کی بر وقت گرفتاری پر سی پی او فیصل رانا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی بر وقت کارووائی نے راولپنڈی کے امن کو بچالیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں