وفاقی بجٹ پاکستان کے غریب آدمی کا بجٹ ہے ، راجہ راشد حفیظ

ہفتہ 12 جون 2021 12:53

وفاقی بجٹ پاکستان کے غریب آدمی کا بجٹ ہے ، راجہ راشد حفیظ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2021ء) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے وفاقی بجٹ کو پاکستان کے غریب آدمی کا بجٹ قرار دیا ہے اور کہاہے کہ  اپوزیشن راہنمائوں کو یہ عوام دوست بجٹ ہضم نہیں ہو رہا اور وہ اسے پڑھے بغیر تنقید برائے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ، وفاقی بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ مزدور کی کم سے کم اجرت 20  ہزار کرنا ، نوجوانوں کو کاروبار کیلئے بلاسود قرضوں اور گھروں کی تعمیر وخریداری کیلئے سستے قرضے دینے جیسی تجاویز پہلی مرتبہ سامنے آئی ہیں جو ملک کو حقیقی معنوں میں ریاست مدینہ جیسا بنانے کے عملی اقدامات ہیں ۔

انہو ں نے کہا کہ زراعت کے فروغ کیلئے بھی حکومت نے بجٹ میں ٹھوس اور دور رس نتائج کے حامل اقدامات تجویز کئے ہیں جن کیلئے خاطر خواہ فنڈز رکھے جانے کی تجویز ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اشیائے خورد ونوش بالخصوص پھلوں او ر سبزیوں کی عوام تک پہنچ کو سستا اور سہل بنانے کیلئے آڑھتیوں اور مڈ ل مین کا کردار ختم کرنے جیسے اقدامات مہنگائی کو لگام دینے کی بے مثال کوشش ہیں اور یہ بھی پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے ۔

اس سے قبل حکمرانوں کی سرپرستی میں مختلف مافیاز اشیائے خوردونوش کو انتہائی سستے داموں خرید کو ذخیرہ کرتے اور بعد میں من مانی قیمتوں پر انہیں مارکیٹ کرتے تھے ۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے عوام دوست بجٹ نے اپوزیشن کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے اور وہ اسے پڑھے بغیر محض تنقید برائے تنقید کے تحت بے بنیاد واویلا کر رہے ہیں ۔ حقیقت میں اس بجٹ میں ہر شعبہ کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ عوام الناس کی فلاح و بہبود کی بنیاد رکھی گئی ہے جس کی مخالفت کرنے والے دراصل عوامی بہبود کی مخالفت کر رہے ہیں ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں