زائد کرایوں کی وصولی ،اوور لوڈنگ اور روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی پر109گاڑیاں بند

بدھ 17 اکتوبر 2018 20:34

راولپنڈی 17اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے زائد کرایوں کی وصولی ،اوور لوڈنگ اور روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی پر109گاڑیاں بند کر دیں ۔سیکرٹری آر ٹی اے خالد یامین ستی نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے ستمبر میں ضلع راولپنڈی میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی جانب سے مختلف قوانین کی خلاف ورزیوں اوور لوڈنگ ،اوور چارجنگ اور روٹ کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر648چالان کر کے 4,93,900روپے جرمانہ وصول کیا اور 109گاڑیاں بند کیں ۔

خالد یامین ستی نے سرکاری خبررساں ادارے کو بتایاکہ زائد کرایوں کی وصولی و دیگر خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے آرٹی اے کی ٹیمیں چھاپے مار کر کارروائیاں کرتی ہیں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر جرمانے کیے جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اسی طرح ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے زائد کرایوں کی وصولی اور اوور لوڈنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دیئے ہیں جو مختلف کارروائیاں کرتے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ مئی میں زائد کرایوں اور دیگر خلاف ورزیوں پر کی جانے والی کارروائیوں کے دوران خلاف ورزی کے مرتکب ڈرائیورز کو وارننگ بھی جاری کی گئی اور انہیں خبردار کیا گیا کہ وہ آئندہ ان خلاف ورزیوں کے مرتکب نہ ہوں ۔انہوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ٹیموٓں نے یکم ستمبر سے 30ستمبر تک سینکڑوں گاڑایاں چیک کی گئیں جن میں بغیر فٹنس کے 281گاڑیاں پائی گئیں جبکہ ناقص سی این جی سلنڈرز کی حامل 12گاڑیاں سامنے آئیں ۔

انہوں نے بتایاکہ اس صورتحال پر ٹیموں نے 109گاڑیاں بند کردیں ۔خالد یامین ستی نے قومی خبر رساں ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے خلاف مہم باقاعدگی سے جاری ہے اور اوور لوڈنگ ،اوور چارجنگ سمیت روٹ پرمٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ایک سوال کے جواب میں خالد یامین ستی نے کہاکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کسی قسم کا ردو بدل نہیں کیا گیا تاھم اگر اس کے باوجود کسی بھی روٹ پر زائد کرایہ وصول کیا جا رہاہو تو ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ایسے ٹرانسپورٹرزکے خلاف سخت ترین کارروائی کرے گی ۔مسافروں کو چاہیے کہ زائد کرایوں کی وصولی بارے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو اطلاع دیں ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں