راولپنڈی،سی پی او فیصل رانا نے کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کا حکم دے دیا

ہفتہ 17 اگست 2019 22:32

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) سی پی او فیصل رانا نے کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر ڈی آئی جی محمد فیصل رانا نے ہفتہ کے روز محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں ایس ایس پی آپریشن سید علی اکبر،ایس یس پی انوسٹی گیشن محمد فیصل،ایس پی پوٹھو ہار سید علی اور ایس پی راول اکرم خان نیازی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی،سی پی او نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران محکمہ داخلہ کی طرف سے کالعدم قرار دی گئی تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے خفیہ طور پر فعال ہونے کے امکانات زیادہ بڑھ جاتے ہیں ،کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی غیر قانونی سرگرمیاں ہی شرانگیزی اور نفرتیں بڑھانے کا باعث بنتی ہیں ہمیں کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی اعلانیہ اور خفیہ تمام سرگرمیوں کو روکنا ہے ،سی پی او نے کہا سماج دشمن عناصر سوشل میڈیا کو اپنے ناپاک عزائم کے لئے بڑی آسانی سے استعمال کر لیتے ہیں ،سوشل میڈیا پر منفی سرگرمیاں آگ کی طرح معاشرے میں پھیلتی ہیں جس سے معاشرتی امن داؤ پر لگ جاتا ہے،انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سوشل میڈیا پر سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے ،جیسے ہی کسی جانب سے کوئی نفرت آمیز اور شر انگیز لٹریچر یا پوسٹ اپ لوڈ ہو اس شخص کو اور واٹس ایپ گروپ میں اس کے ایڈمن کو بھی فوری گرفتار کر کے ان کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کی انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں،انہوں نے کہا کہ محرم میں صرف ایک ہی نقطہ ہے جس پر سب کو ہر صورت اور ہر قیمت پر عمل کرنا ہے اور وہ ہے قانون کی حکمرانی کے تحت امن ،امن اور بس امن ،انہوں نے کہا کہ تھانوں کی سطح پر امن کمیٹیوں کو فعال بنانے کے لئے ان کے اجلاس منعقد کئے جائیں اسی طرح سرکل ،ڈویژن اور پھر ضلع کی سطح پر امن کمیٹیوں کے فوری اجلاس بلائے جائیں امن کمیٹیوں کے مثبت سوچ رکھنے والے ارکان کے ساتھ پولیس افسران قریبی رابطے رکھیں ،سی پی او نے کہا کہ لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی اگر عام حالات میں واجب ہے تو محرم الحرام میں یہ اوجب اور فرض سمجھی جائے ،ہم نے ہر وہ قانونی اقدام اٹھانا ہے جو معاشرتی امن کے لئے ناگزیر ہو گا،سی پی او نے کہا کہ شرانگیزی اور نفرتیں پھیلانے کا ریکارڈ رکھنے والے اگر قابل اصلاح نہیں تو ان عناصر کی نظر بندی کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں