راولپنڈی میں نئے ہسپتال کے قیام کی تیاریاں ، پی سی ون پنجاب حکومت کو ارسال

ہفتہ 18 جنوری 2020 18:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2020ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے چکری کے قریب جوڑیاں میں نئے ہسپتال کے قیام کا پی سی ون (پراجیکٹ کنسیپٹ )منظوری کے لیے پنجاب حکومت کو بھجوا دیا ۔شہریوں کو معیاری علاج معالجے کی سہولیات گھر کی دہلیز پر فراہمی کے لیے محکمہ صحت نے قبل ازیں راولپنڈی میں 100بستروں کے نئے ہسپتال کے قیام کے لیے 60کنا ل اراضی ایکوائر کر لی تھی۔

ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر ضلعی ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی علی احسن نے اے پی پی کو بتایاکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے چک بیلی خان روڈ پر جوڑیاں کے مقام پرایک نئے ہسپتال کے قیام کے لیے 60کنال اراضی پہلے ہی ایکوائر کرلی ہے جبکہ اس ضمن میں ہسپتال کا پی سی ون بھی پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو منظوری کے لیے بھجوا دیا گیاہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وفاقی وزیر ایوی ایشن ڈویژن غلام سرور خان نے محکمہ صحت راولپنڈی سے اپنے حلقہ انتخاب جوڑیاں میں نئے ہسپتال کے قیام کی فزیبلٹی رپورٹ مانگی تھی جو کہ بنا کر دے دی گئی تھی ۔

علی احسن نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ اس ضمن میں ہسپتال کے قیام کے لیے ہیلتھ اتھارٹی نے حکومت پنجاب سے 60کنال اراضی ایکوائر کر رکھی ہے ۔انہوں نے مزید بتایاکہ ہسپتال کے قیام کا ابتدائی تخمینہ 546ملین روپے تھا ۔اس حوالے سے ٹیکنیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد منصوبے کا پی سی ون منظوری کے لیے پنجاب حکومت کو بھجوایا جاچکا ہے جس کی حتمی منظوری کے بعد نئے ہسپتال کے قیام کے منصوبے پر بہت جلد کام شروع کردیاجائے گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں