پی ٹی آئی کا اتوار کو پشاور میں عدلیہ کی آزادی اور قیدی نمبر 804 کی رہائی کیلئے ریلی نکالنے کا اعلان

جمعرات 28 مارچ 2024 20:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) پی ٹی آئی نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کو پشاور میں عدلیہ کی آزادی اور قیدی نمبر 804 کی رہائی کیلئے ریلی نکالینگے۔ ریلی کی ہدایت پاکستان تحریک انصاف نے کی ہے۔بیرسٹر گوہر خان نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے کہا بانی پی ٹی آئی سے پارٹی لیڈر شپ اور وکلاء کی تفصیلی ملاقات ہوئی۔

بانی پی ٹی آئی کو ہائی کورٹ کے ججز کے خط پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا ایسا کیسے ممکن ہے ججوں کے گھروں میں کیمرے لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کے دن پشاور میں عدلیہ کی آزادی اور قیدی نمبر 804 کی رہائی کیلئے ریلی نکالینگے۔ریلی کی ہدایت بانی پی ٹی آئی نے کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جلد بانی پی ٹی آئی کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھیں گے ۔

(جاری ہے)

عدلیہ کی آزادی کے لئے بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ وہ عدلیہ کی آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں شیر افضل مروت نے کہا اتوار کے روز دو بجے پشاور میں بڑی ریلی نکالی جائے گی۔ جس کے لئے مقام کا تعین کے پی قیادت کرے گی۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی تمام جماعتوں کو ریلی میں شرکت کی دعوت دے گی۔ اور تمام شہروں سے لوگ ریلی میں شریک ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چھ اپریل کو اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں عظیم الشان پرامن جلسہ بھی ہوگا۔ انہو ں نے کہا ججز کے خط میں پی ٹی آئی کے کیسز سے متعلق دباؤ کا ذکر کیا گیا ہے۔ سردار لطیف کھوسہ نے کہا نو مئی سے لیکر نو فروری تک ملک میں ایک ڈراما رچایا گیا۔ایک سزا یافتہ مجرم کو لندن سے بلاکر ریڈ کارپٹ پروٹوکول دیا گیا۔نواز شریف اور انکے خا ندانوںکے تمام کیسز ختم کئے گئے۔ انہوں نے کہا ججز پر دباؤ سے متعلق پاکستان کی تمام بارز نے مراسلے لکھے ہیں۔نظام عدل اگر ختم ہوا تو ریاست نہیں چل سکتی۔چھ ججز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دلیری کا مظاہرہ کیا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں