طالبعلموں کو آسان سفری سہولیات دینے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانےکے لئے موٹرسائیکل سکیم کا آغاز کیا ہے،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ

جمعرات 25 اپریل 2024 16:39

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب بھر کے طالبعلموں کو آسان سفری سہولیات دینےکے لئے موٹرسائیکلز سکیم کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت 20ہزارموٹرسائیکلز دیئے جائیں گے،سکیم کے پہلے مرحلے میں راولپنڈی سمیت پنجاب کے پانچ بڑے شہروں میں قرعہ اندازی کے زریعے ایک ہزار طلباء و طالبات کو پیٹرول و ای موٹرسائیکلز دیئے جائیں گے۔

ای موٹرسائیکلز سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر بلال اکبر خان نے جمعرات کو راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی میں پنجاب حکومت کی موٹر سائیکل سکیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کا موٹو ہے کہ اپنی سواری سے خود مختاری جس کے تحت پنجاب بھر کے 20 ہزار طلباء و طالبات کو اہلیت اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے قرعہ اندازی کے زریعے آسانی اقساط پر 19 ہزار پیٹرول اور ایک ہزار الیکٹرک پر چلنے والے مختلف اقسام کے موٹرسائیکلز دیئے جائیں گے۔

پہلے مرحلے میں راولپنڈی سمیت پنجاب کے پانچ بڑے شہروں میں ایک ہزار موٹرسائیکلز دیئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں ای موٹرسائیکلز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا جس سے خرچ کم ہونے کے ساتھ ماحول کو بھی تحفظ مل سکے گا کیونکہ پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں آلودگی ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ایسے طلبا و طالبات جو دور دراز علاقوں سے یونیورسٹی پہنچتے ہیں تو ان زیادہ وقت پبلک ٹرانسپورٹ میں آتے جاتے ضائع ہوجاتا ہے اور وہ پڑھائی میں زیادہ وقت نہیں دے پاتے انہیں یہ موٹرسائیکلز دیئے جائیں تاکہ وہ اپنی مرضی سے سفر کرسکیں ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مشکور ہیں جنہوں نے طلباء طالبات کے لئے موٹرسائیکل سکیم کا قدم اٹھایا اور جن افراد کو پہلے فیز میں موٹرسائیکلز نہ مل سکے انہیں اگلے فیز میں شامل کردیا جائے گا اور اس کے لئے دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔بلال اکبر خان نے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے تمام طلبا و طالبات جو نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں اور ان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس موجود ہیں اور جن کا ڈومیسائل دوسرے صوبوں کا ہے وہ بھی اس سکیم میں اہل ہوں گے اور اس سکیم کے لئے آن لائن اپلائی کرسکتے ہیں اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن ان طلبا ء طالبات کی تصدیق کرنے کے بعد سکیم میں شامل کردیا جائے گا۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ اس منصوبے کی شفافیت پر کڑی نظر رکھی جا رہی تاکہ تمام اپلائی کرنے والے طلباء طالبات اس سے مستفید ہوسکیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں