سانحہ ساہیوال ، سی ٹی ڈی نے خلیل کے اہل خانہ کی بے گناہی تسلیم کر لی

خلیل ، اس کی اہلیہ اور بیٹی کی ہلاکت انتہائی بد قسمتی تھی۔ سی ٹی ڈی ترجمان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین اتوار 20 جنوری 2019 12:19

سانحہ ساہیوال ، سی ٹی ڈی نے خلیل کے اہل خانہ کی بے گناہی تسلیم کر لی
ساہیوال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جنوری 2019ء) : سی ٹی ڈی نے سانحہ ساہیوال میں ہلاک ہونے والے خلیل کی بے گناہی تسلیم کر لی ، تفصیلات کے مطابق واقعہ کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے ایک وضاحتی پیغام جاری کیا گیا جس میں ترجمان نے ذیشان کو دہشتگرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں خلیل، اس کی اہلیہ اور اس کی بیٹی کی ہلاکت انتہائی بدقسمتی تھی۔

جے آئی ٹی واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ جس اہلکار کی غلطی ثابت ہوئی اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ سانحہ ساہیوال کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد انسداد دہشتگردی فورس کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں سانحہ ساہیوال میں ہلاک ہونے والوں میں سے ذیشان نامی شخص کو دہشتگرد قرار دے دیا ۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ ذیشان اس گاڑی میں موجود واحد دہشتگرد تھا۔

(جاری ہے)

گاڑی کالعدم تنظیم داعش کے زیر استعمال رہی۔ ترجمان نے کہا کہ تھریٹ الرٹ موصول ہوا کہ 20 تاریخ کو دہشتگرد حساس ادارے کے دفتر کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔تھریٹ الرٹ کے بعد سی ٹی ڈی نے حساس ادارے کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا۔ ذیشان کی گاڑی کے شیشیے کالے تھے لہٰذا پیچھے بیٹھے ہوئے افراد نظر نہیں آرہے تھے۔ واقعہ میں خلیل ، اس کی اہلیہ اور بیٹی کی ہلاکت انتہائی بد قسمتی تھی۔

ذیشان کا ٹاسک جنوبی پنجاب تک بارودی مواد پہنچانا تھا۔ ذیشان نے جان کر خلیل کے خاندان کو لفٹ دی۔ خلیل کے خاندان کو ذیشان کے عزائم ، گاڑی کے دہشتگردوں کے زیر استعمال رہنے کا علم نہیں تھا۔ گاڑی پر سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی مشترکہ نگرانی پہلے سے جاری تھی۔ سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں نے گاڑی کو ساہیوال جاتے ہوئے دیکھا اور نشاندہی کی۔

سیف سٹی اتھارٹی کی اطلاع پر ساہیوال کی ٹیم کو گاڑی روکنے کا ٹاسک سونپا گیا۔ گاڑی روکنے پر ذیشان اور گاڑی کو فالو کرتے ہوئے موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے ٹیم پر فائرنگ کی گئی۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے خلیل کے اہل خانہ کی بے گناہی کو تسلیم کیا جانا سی ٹی ڈی اور پولیس کی نا اہلی کو ثابت کرتا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ غلطی مان لینے سے خلیل ، اس کی اہلیہ اور اس کی بیٹی واپس نہیں آسکتے۔ سانحہ ساہیوال پر عوام نے ذمہ داران کو سخت سزائیں دینے اور عبرت کا نشانہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں